QR CodeQR Code

عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دینگے، جے یو آئی کوئٹہ

10 Jan 2025 15:56

اپنے بیان میں جے یو آئی کوئٹہ کے رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کی نشست بی بی 45 کوئٹہ کے مضحکہ خیز نتیجے نے بہت سی قوتوں کو بے نقاب کیا۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ الیکشن میں ہونی والی دھاندلی کا حساب لیا جائے گا۔ مزید خاموشی اختیار نہیں کر سکتے ہیں۔ یہ بات جے یو آئی کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالرحمان رفیق، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد و دیگر عہدیداران نے اپنے مشترکہ بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کی نشست بی بی 45 کوئٹہ کے مضحکہ خیز نتیجے نے بہت سی قوتوں کو بے نقاب کیا۔ الیکشن میں ہونے والی دھاندلی کا حساب لے کر دم لیں گے۔ جمعیت کی عوامی قوت کو بروئے کار لانے کا وقت آچکا ہے۔ مزید ناانصافی پر خاموش تماشائی نہیں بن سکتے ہیں۔ اپنے قائد کی ہدایات کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی بی 45 کوئٹہ میں بدترین اور شرمناک دھاندلی کے خلاف عوام نے کامیاب پہیہ جام ہڑتال میں جمعیت کا ساتھ دے کر یہ ثابت کر دیا کہ عوام اپنے ووٹ کے تقدس پر کوئی سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ ہڑتال نہ صرف جمہوری حقوق کے تحفظ کی علامت ہے، بلکہ یہ عوامی ریفرنڈم بھی ہے۔ جس میں حلقے کے لوگوں نے دھاندلی کو یکسر مسترد کر دیا۔ حکومت اور متعلقہ ادارے عوامی فیصلے کا احترام کریں اور شفاف تحقیقات کرکے انصاف کو یقینی بنائیں۔ جمعیت کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ جے یو آئی آئندہ بھی عوامی حقوق کی حفاظت کے لئے میدان میں موجود رہے گی اور کسی کو عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 1183495

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1183495/عوامی-مینڈیٹ-پر-ڈاکہ-ڈالنے-کی-اجازت-نہیں-دینگے-جے-یو-آئی-کوئٹہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com