بعض عناصر نے جان بوجھ کر کرم ایشو کو غلط رنگ دیا، محسن نقوی
10 Jan 2025 11:08
جے یو آئی (ف) کیساتھ ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کرم میں قیام امن کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا، صورتحال کی بہتری کیلئے گرینڈ جرگہ کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہتے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی جے یو آئی کے سربراہ سے ملاقات کیلئے ان کی رہائش گاہ پہنچے اور خیریت دریافت کی۔ محسن نقوی نے مولانا فضل الرحمان کی صحت کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا، خیبر پختونخوا خصوصاً کرم میں قیام امن کیلئے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔
محسن نقوی اور مولانا فضل الرحمان نے امدادی اشیاء کے قافلوں کی پاراچنار آمد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کرم میں قیام امن کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا، بعض عناصر نے جان بوجھ کر کرم ایشو کو غلط رنگ دیا، صورتحال کی بہتری کیلئے گرینڈ جرگہ کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے دیرینہ نیاز مندی ہے، پاکستان کی سیاست میں سربراہ جے یو آئی ف کا مثبت کردار قابل تعریف ہے۔
خبر کا کوڈ: 1183436