نون لیگ میں 2 گروپ، دونوں چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی ختم ہو جائے، محمد زبیر
9 Jan 2025 23:26
ایک نجی ٹی وی چین کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینیئر سیاستدان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اگر ڈیل کرکے آئیں تو پاکستان کیلئے اچھا ہوگا، بانی پی ٹی آئی اور ان کی پارٹی کو دبانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔
اسلام ٹائمز۔ سینیئر سیاستدان محمد زبیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں 2 گروپ ہیں، دونوں گروپس چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی ختم ہو جائے۔ سینیئر سیاستدان محمد زبیر نے ایک نجی ٹی وی چین کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عرفان صدیقی جیسے لوگ چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کو تسلیم کر لینا چاہیئے، آج تلخیاں بہت زیادہ ہیں، ماضی سے سبق سیکھنا چاہیئے۔ محمد زبیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اگر ڈیل کرکے آئیں تو پاکستان کیلئے اچھا ہوگا، بانی پی ٹی آئی اور ان کی پارٹی کو دبانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔
نواز شریف کی 2022ء میں ڈیل ہوئی تھی، عدم اعتماد ڈیل کا نتیجہ تھی، باپ پارٹی، ایم کیو ایم نے عدم اعتماد کے دوران کایا پلٹ دی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آج بھی اگر باپ پارٹی اور ایم کیو ایم کو اشارہ ہوا تو کایا پلٹ جائے گی۔ مصطفیٰ نواز کھوکھر کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب سیاسی پارٹیاں اپوزیشن میں ہوں تو ووٹ کی عزت کا نعرہ لگاتی ہیں، سیاست میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے، بانی پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران مقبولیت کم ہوئی تھی، آج بانی پی ٹی آئی کی مقبولیت ہے۔
خبر کا کوڈ: 1183418