کشمیر کاز کی بھرپور حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، مظہر شاہ
10 Jan 2025 08:40
وزیر برائے مذہبی امور آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں شہداء کی پاکستان کے پرچم میں لپٹے تدفین مملکت خداداد کے ساتھ کشمیریوں کی لازوال محبت کا ثبوت ہے۔
اسلام ٹائمز۔ آزاد جموں و کشمیر کے وزیر برائے مذہبی امور پیر مظہر عبداللہ شاہ نے کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی اور کشمیر کاز کی بھرپور حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں شہداء کی پاکستان کے پرچم میں لپٹے تدفین مملکت خداداد کے ساتھ کشمیریوں کی لازوال محبت کا ثبوت ہے۔ ذرائع کے مطابق پیر مظہر عبداللہ شاہ نے ایک میڈیا انٹرویو میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں تعینات بھارتی فوج ایک قابض فوج کی حیثیت رکھتی ہے جس کے ظلم و ستم کے نتیجے میں علاقے میں گیارہ ہزار خواتین بیوہ ہوئیں جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں موجود پاکستان کی فوج یہاں کے لوگوں کی محافظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے شانہ بہ شانہ کھڑا ہے جس پر کشمیری اس کے مشکور ہیں۔انہوں نے آزادجموں و کشمیر میں ہونے والے حالیہ پرامن مظاہروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لوگ اپنے مسائل کے لیے پرامن طور پر سڑکوں پر نکلے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس مقبوضہ جموں و کشمیر میں اس طرح کے مظاہروں کو برداشت نہیں کیا جاتا اور بھارتی حکومت طاقت سے جواب دیتی ہے۔ پیر مظفر شاہ نے کہا کہ دنیا کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی جبر اور آزاد جموں و کشمیر میں رائج جمہوری حقوق اور آزادیوں کے درمیان فرق کو ملحوظ نظر رکھنا چاہیے۔
خبر کا کوڈ: 1183417