مظلوموں کے کیلئے آواز بلند کرنا اور ان کے زخموں پر مرہم رکھنا بھی جہاد ہے، شاداب نقشبندی
9 Jan 2025 21:59
سربراہ پاکستان سنی تحریک نے کہا کہ اقوام متحدہ فلسطین کے عوام کو انصاف فراہم کرے، اسرائیل کو دہشتگرد ملک قرار دے کر اس پر معاشی و اقتصادی پابندیاں عائد کرے اور فلسطین کے نہتے مظلوم مسلمانوں کو خوارک، ادویات اور خیمے فراہم کرے۔
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ فلسطین میں نسل کشی کرنے والے نیتن یاہو کو پوری دنیا میں ذلالت کا کرنا ہوگا، فلسطین پر ہونیوالے مظالم کے خلاف پوری دنیا میں فلسطینی عوام سے یکجہتی اور اسرائیل سے نفرت کررہے ہیں، میکسیکو کے میوزیم میں نیتن یاہو کے مجسمہ کو توڑ کر شہری نے نفرت کا اظہار کیا اور فلسطینی پرچم لہرا کر مظلوموں فلسطینی عوام سے یکجہتی کی ہے، اسرائیلی دہشتگردی و بمباری سے روزانہ کی بنیاد پر درجنوں فلسطینی شہید ہورہے ہیں، 461 روز ہوگئے غزہ لہو لہو ہے، انسانی حقوق کے علمبردار خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، فلسطین میں اسلام دشمن طاقتیں مسلم نسل کشی میں مصروف ہیں، فلسطین اور کشمیر کے حالات انتہائی گھمبیر اور کشیدہ ہیں، اسرائیل کھلے عام نہتے فلسطینی شہریوں اور بچوں پر بمباری کررہا ہے، کوئی اسرائیل کو لگام دینے والا نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلسطین وکشمیر میں مسلم نسل کشی کی مذمت سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کرانے پر زور دیتے ہوئے کیا۔ محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کرتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم حکمران غیرت ایمانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطین اور کشمیر مظلوموں کو انصاف دلانے کیلئے کلمہ حق بلند کرے، مظلوموں کے کیلئے آواز بلند کرنا اور ان کے زخموں پر مرہم رکھنا بھی جہاد ہے، فلسطین و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت ہر سطح اور ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے، مسلم ممالک متحدہوجائیں تو ظالموں، غاصبوں سے فلسطین و کشمیر کے مسلمانوں کو ہفتوں میں نجات دلائی جاسکتی ہے، اقوام متحدہ کا کردار مشکوک ہوگیا ہے، فلسطین میں مظلوم و نہتے مسلمانوں کو روزانہ بربریت کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور عالمی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، عدل وانصاف کے عالمی ادارے جب خاموش تماشائی بن جائیں اور مظلوم کو انصاف فراہم نہ کریں تو دنیا کے امن کو شدید خطرات لاحق ہوجاتے ہیں، اقوام متحدہ فلسطین کے عوام کو انصاف فراہم کرے، اسرائیل کو دہشتگرد ملک قرار دے کر اس پر معاشی و اقتصادی پابندیاں عائد کرے اور فلسطین کے نہتے مظلوم مسلمانوں کو خوارک، ادویات اور خیمے فراہم کرے۔
خبر کا کوڈ: 1183370