QR CodeQR Code

ایم ڈبلیو ایم ملت جعفریہ اور مظلومین پاکستان کی آواز بن چکی ہے، علامہ مقصود ڈومکی

9 Jan 2025 21:32

سہون شریف میں علماء سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ مظلومین پارا چنار کے حق میں پرامن احتجاج کرنے پر سندھ پولیس نے بدترین شیلنگ اور تشدد کرکے ملت جعفریہ کے نوجوانوں کو شہید اور زخمی کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملت جعفریہ اور مظلومین پاکستان کی آواز بن چکی ہے۔ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ہر فورم پر ملت کے حقوق کیلئے آواز بلند کی ہے۔ یہ بات انہوں نے سہون شریف میں علمائے کرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ علامہ مقصود ڈومکی نے سہون شریف پہنچ کر مولانا طاہر حسین نجفی اور شیعہ رہنماء صفدر حسین نجفی سے ملاقات کی۔ انہوں نے اس موقع پر ممتاز عالم دین اور دانشگاہ امام علی رضا علیہ السلام کے بانی علامہ غلام اصغر نجفی کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ علامہ غلام اصغر نجفی کی سہون شریف اور علاقے کے مومنین کے لئے دینی اور تبلیغی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے صوبہ سندھ کے دل سہون شریف میں ایک بہترین دینی درسگاہ کی بنیاد رکھ کر عظیم کارنامہ انجام دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم ملت جعفریہ اور مظلومین پاکستان کی آواز بن چکی ہے۔ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ہر فورم پر ملت کے حقوق کے لئے آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظلومین پارا چنار کے حق میں پرامن احتجاج کرنے پر سندھ پولیس نے بدترین شیلنگ اور تشدد کرکے ملت جعفریہ کے نوجوانوں کو شہید اور زخمی کیا ہے۔ پیپلز پارٹی جواب دے کہ اس نے کس بنا پر نہتے شہریوں پر گولیاں چلائیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سہون شریف کے شیعہ رہنماء صفدر حسین نجفی نے کہا کہ ہم مجلس وحدت مسلمین کی جدوجہد اور قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں اور اپنے ساتھیوں سمیت مجلس وحدت مسلمین میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے جس طرح مظلومین پارا چنار کے حق میں آواز بلند کی یہ لائق صد تحسین ہے۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے صفدر حسین نجفی اور ان ساتھیوں کی خدمات اور موقف کو سراہتے ہوئے ان کا خیر مقدم کیا۔


خبر کا کوڈ: 1183359

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1183359/ایم-ڈبلیو-ملت-جعفریہ-اور-مظلومین-پاکستان-کی-آواز-بن-چکی-ہے-علامہ-مقصود-ڈومکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com