QR CodeQR Code

موجودہ جی ایس ٹی نے عام انسان کی کمر توڑ دی ہے، کانگریس

9 Jan 2025 19:40

کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے کہا کہ مودی حکومت نے بڑے کاروباریوں کے مفادات کو ترجیح دی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ایک جانب جہاں دہلی کے سابق وزیراعلیٰ اروند کیجریوال ریزرویشن کے لئے بھارتی وزیراعظم کو خط لکھنے کی بات کر رہے ہیں اور بی جے پی کی شکایت آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت سے کر رہے ہیں، وہیں دہلی کی کانگریس اقتدار میں آنے کے بعد عوام کو کس طرح راحت پہنچائی جا سکتی ہے، اس کی بات کر رہی ہے۔ کانگریس نے ابھی تک دو ضمانتوں کا اعلان کیا ہے، جس میں خواتین کو 2500 روپے ماہانہ اور علاج کے لئے ہر دہلی والے کو 25 لاکھ روپے تک مفت علاج کا وعدہ کیا ہے۔ دریں اثنا کانگریس پارٹی نے جی ایس ٹی کے نظام کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آج ملک کے 12 بڑے شہروں میں بیک وقت پریس کانفرنسز کا انعقاد کیا۔ اسی ضمن میں دہلی میں کانگریس کی جانب سے رکن پارلیمنٹ شکتی سنگھ گوہل نے صحافیوں سے خطاب کیا۔

شکتی سنگھ گوہل نے بتایا کہ کس طرح دہلی کے عام لوگوں سے زیادہ ٹیکس لیا جا رہا ہے اور کارپوریٹ گھرانوں کو ٹیکس میں راحت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے موجودہ ٹیکس نظام یعنی جی ایس ٹی کو "ٹیکس دہشت گردی" کا نام دیتے ہوئے کہا کہ عام لوگوں سے زیادہ ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مرکزی حکومت نے غلط جی ایس ٹی لاگو کر کے عوام کی زندگی مشکل میں ڈال دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نو طرح کے جی ایس ٹی سلیب بنائے ہوئے ہیں جس میں سب سے زیادہ 28 فیصد کا سلیب ہے۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ اگر کوئی شخص تھری وہیلر خریدتا ہے تو اس کو 28 فیصد جی ایس ٹی دینا پڑتا ہے جبکہ تھری وہیلر خریدنے والا بھی عام آدمی ہوتا ہے اور تھری وہیلر میں سفر کرنے والے بھی آم آدمی ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سائیکل خریدنے والے کو بھی 12 فیصد جی ایس ٹی دینا پڑتا ہے۔ گوہل نے کہا کہ ایک جانب تو عام انسان سے زیادہ ٹیکس وصول کیا جاتا ہے دوسری جانب کارپوریٹ گھرانوں کو راحت دی جا رہی ہے۔

اس دوران کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے کہا کہ مودی حکومت نے بڑے کاروباریوں کے مفادات کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف کانگریس کا مؤقف نہیں بلکہ سرکاری رپورٹوں میں موجود حقائق ہیں۔ کانگریس نے یہ بھی کہا کہ 65 فیصد جی ایس ٹی کے تحت زیادہ تر اشیاء پر زیادہ شرح والے ناقص خراب ٹیکس لاگو ہیں، جبکہ صرف 35 فیصد اشیاء پر کم شرح والے اچھے ٹیکس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ عدم توازن غریب عوام پر اضافی بوجھ ڈال رہا ہے۔ کانگریس نے زور دیا کہ جی ایس ٹی کا ڈھانچہ فوری نظرثانی کا متقاضی ہے تاکہ غریب عوام کو راحت دی جا سکے اور ملک میں اقتصادی مساوات کو فروغ دیا جا سکے۔


خبر کا کوڈ: 1183332

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1183332/موجودہ-جی-ایس-ٹی-نے-عام-انسان-کی-کمر-توڑ-دی-ہے-کانگریس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com