پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان آج مکافات عمل بھگت رہے ہیں، مریم نواز
8 Jan 2025 23:53
وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے 9 مئی کے کیس میں سزا یافتہ مجرم بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والدین کے دل پر آج کیا گزرتی ہوگی، حسان نیازی نے فوجی وردی کو ڈنڈے پر ٹانگ کر پوری دنیا کو تماشا دکھایا، سزا کے بعد اس کا مستقبل تباہ ہوگیا۔
اسلام ٹائمز۔ سرگودھا میں ہونہار سکالر شپس پروگرام کے تحت چیکس تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ طلبہ کو گارڈ آف آنر دینا آپ کی محنت کو سلام ہے، ہونہار سکالر شپ ملکی تاریخ کا پہلا اور سب سے بڑا پروگرام ہے، سکالرشپس طلبہ کو سیاسی وابستگی سے بالائے طاق رکھتے ہوئے دیئے گئے ہیں۔ وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ تمام طلبہ اور ان کے والدین کو بہت بہت مبارکباد دیتی ہوں، بطور وزیراعلی میں بہت خوش ہوں، میری ہدایت پر آپ کو گارڈ آف آنر دیا گیا، میرا خیال ہے کہ طلبہ کے لئے سکالرشپس حاصل کرنے کا سفر آسان نہیں تھا، مجھے احساس ہے کہ والدین نے کس محنت سے آپ کو یہاں پہنچایا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ دعوے سے کہتی ہوں کہ ایک بھی سکالرشپ میرٹ کے خلاف نہیں دیا گیا، مجھے اس بات کی بھی خوشی ہے کہ کسی بچے سے یہ بھی نہیں پوچھا گیا کہ اس کا تعلق کس سیاسی جماعت سے ہے، پنجاب کے تمام بیٹے بیٹیاں میرے لئے برابر ہیں، سب طلبہ کو ایک وزیراعلی کے طور پر نہیں بلکہ ماں کی طرح دیکھتی ہوں، بطور ماں آپ سب کو سمجھانا میرا فرض ہے۔ وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک ہماری ماں کی طرح ہے، ماں بچوں میں تفریق نہیں کرسکتی، ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے لیکن یہ نہیں ہوسکتا کہ ماں کا ایک بچہ اعلی تعلیم حاصل کرلے لیکن دوسرا بچہ وسائل کی کمی کی وجہ سے تعلیم سے محروم رہ جائے تو ریاست کے لئے فکر انگیز بات ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی تعلیم سے اس لئے محروم رہ جائے کہ اس کے پاس وسائل کی کمی ہے تو میر ے لئے بہت شرمندگی کی بات ہے، 68 شعبوں میں سکالرشپس دیئے جارہے ہیں جس میں جدید مضامین شامل ہیں۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے 9 مئی کے کیس میں سزا یافتہ مجرم بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والدین کے دل پر آج کیا گزرتی ہوگی، حسان نیازی نے فوجی وردی کو ڈنڈے پر ٹانگ کر پوری دنیا کو تماشا دکھایا، سزا کے بعد اس کا مستقبل تباہ ہوگیا۔ مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ وردی پہن کر یہی لوگ ملکی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں، وردی کی عزت کرنا ہمارا فرض ہے، 26 نومبر کے احتجاج کے دوران رینجرز اور پولیس اہلکاروں کے سروں میں کیلیں ماری گئیں، یہ دنیا کی کونسی سیاست ہے کہ کسی بچے سے اس کا باپ چھین لو؟
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان آج مکافات عمل بھگت رہے ہیں، اگر کوئی سیاسی عناد کی وجہ سے انتشار پھیلائے تو یہ مناسب نہیں، تہذیب کے دائرے میں رہ کر سیاسی مخالفت کی جاسکتی ہے لیکن اس کے لئے جناح ہاوس جلانا، میٹرو بس کے جنگلے توڑنا ضروری نہیں ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ جیل میں قید کے دوران مجھے والد (نواز شریف) کے سامنے ہتھکڑیاں لگائی گئیں، کئی ماہ ڈیتھ سیل میں رکھا گیا، والدہ کے انتقال کی خبر جیل میں ملی لیکن میں نے ملک میں جلاو گھیراوکا پیغام نہیں دیا، سیاست کو گالی بنا دیا گیا ہے، سیاست اچھی چیز اور عبادت کا نام ہے لیکن صرف اس وقت جب لوگوں کی بھلائی کے لئے کام کیا جائے۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ ہمارے خاندان کے افراد نے جیلیں کاٹیں لیکن ہم نے کبھی ملک کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھایا، ملک کے بچوں کو اپنی سیاست کے ایندھن میں جھونکنے والے شخص کو نیند کیسے آتی ہوگی؟ ہمیشہ اپنے ماں باپ اور ملک کو سامنے رکھ کر فیصلہ کرنا ہے۔
خبر کا کوڈ: 1183212