ملتان پریس کلب اور پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے اشتراک سے صحافیوں کیلئے ڈیجیٹل اسکلز کورس
8 Jan 2025 23:39
صدر ملتان پریس کلب شکیل انجم نے کہا کہ اس کورس کا مقصد صحافیوں کو جدید دور کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا اور ان کے پیشہ ورانہ معیار کو بلند کرنا ہے، یہ کورس صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کا بہترین ذریعہ ثابت ہوگا۔
اسلام ٹائمز۔ ملتان پریس کلب اور پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے اشتراک سے ملتان کے صحافیوں کے لیے تین روزہ ڈیجیٹل اسکلز کورس کا انعقاد کیا گیا، جس میں صحافیوں کو جدید ڈیجیٹل سکلز، سائبر سیکیورٹی، فیکٹ چیکنگ، اور آن لائن ارننگ کے موضوعات پر تربیت دی گئی۔ کورس کے اختتام پر ایک تقریب تقسیم اسناد کا بھی اہتمام کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ جنوبی پنجاب حافظ عمران لیاقت بھٹی نے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا منشور خدمت کی سیاست ہے، عملی اقدامات کے ذریعے اس وطن عزیز کو قائد کے وژن کے مطابق اسلامی فلاحی پاکستان بنائیں گے، ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں آئی ٹی سنٹرز بنا رہے ہیں جہاں طلبا، نوجوانوں، خواتین اور ہر شعبہ ہائے زندگی سے سے تعلق رکھنے والے افراد کو ڈیجیٹل سکلز سے آراستہ کریں گے تاکہ وہ باعزت طریقے سے اپنا روزگار کمائیں اور پاکستان کے روشن مستقبل میں اپنا کردار ادا کریں۔
صدر ملتان پریس کلب شکیل انجم نے کہا کہ اس کورس کا مقصد صحافیوں کو جدید دور کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا اور ان کے پیشہ ورانہ معیار کو بلند کرنا ہے۔ یہ کورس صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کا بہترین ذریعہ ثابت ہوگا۔ جنرل سیکرٹری پاکستان مرکزی مسلم لیگ حافظ ابوالحسن نے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ ہمیشہ سے تعلیم و تربیت کو فروغ دینے میں پیش پیش رہی ہے، بہت جلد ملتان میں ڈیجیٹل سکول آف جرنلزم کی بنیاد رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ: 1183207