ایران اور عراق کا محل وقوع اقتصادی ہب کی تشکیل کے لئے بے مثال ہے، صدر پزیشکیان
اسلامی ممالک امت واحدہ کی شکل میں تمام شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دیں
8 Jan 2025 22:11
ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، صدر مسعود پزشکیان نے ایران اور عراق کے اعلیٰ سطحی وفود کی مشترکہ نشست میں دونوں ممالک کے تعلقات کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تعلقات گہرے مذہبی اور ثقافتی رشتوں پر مبنی ہیں۔
اسلام تائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان نے تہران میں وفد کے ہمراہ عراقی وزیراعظم محمد شیاع السوڈانی کیساتھ ملاقات میں ایران اور عراق کے جغرافیائی محل وقوع کو ایک منفرد علاقائی اقتصادی مرکز (ہب) بنانے کے لیے مثالی قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ اقتصادی زون کے قیام کے لیے ایران کی آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، صدر مسعود پزشکیان نے ایران اور عراق کے اعلیٰ سطحی وفود کی مشترکہ نشست میں دونوں ممالک کے تعلقات کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تعلقات گہرے مذہبی اور ثقافتی رشتوں پر مبنی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچھ عناصر کی طرف سے دونوں اقوام کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کی کوششوں کے باوجود ایران اور عراق کے لوگ صدیوں سے ایک دوسرے کے ساتھ زندگی بسر کر رہے ہیں اور یہی گہرے مذہبی و ثقافتی رشتے دونوں ممالک کے سیاسی، اقتصادی، سائنسی اور ثقافتی تعاون کے فروغ کے لیے سازگار بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
ایرانی صدر نے کہا کہ ایران اور عراق کے تعلقات کی مضبوطی اور ترقی نہ صرف خطے بلکہ عالم اسلام میں بھی استحکام اور تقویت کا باعث بنے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم اللہ کی کتاب اور نبی اکرم ﷺ اور اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات پر عمل پیرا رہیں تو ہمارے تعلقات میں کوئی رکاوٹ یا اختلاف پیدا نہیں ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عراق کے وزیراعظم کا یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور خطے میں امن، سلامتی اور اقتصادی ترقی کے فروغ کا سبب بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی دلی خواہش ہے کہ ایک دن تمام اسلامی ممالک امت واحدہ کی شکل میں سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی میدانوں میں باہمی تعاون کو فروغ دیں۔ عراقی وزیراعظم محمد شیاع السوڈانی نے اس نشست میں ایران کی حکومت اور عوام کی جانب سے عراق کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے عراق کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان ریلوے اور سڑکوں کے مشترکہ منصوبوں، سرحدی علاقوں میں مشترکہ اقتصادی زون کے قیام اور گیس و بجلی کے منصوبوں میں معاہدوں اور تعاون کو عملی جامہ پہنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عراق ایرانی کمپنیوں کو اپنے ملک کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں حصہ لینے کی دعوت دیتا ہے۔ عراقی وزیراعظم محمد شیاع السوڈانی بدھ، 8 جنوری 2025 کو ایک روزہ دورے پر تہران پہنچے۔ ان کے دورے کا مقصد ایران اور عراق کے درمیان دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لینا اور ایران کے صدر کے حالیہ دورہ عراق کے بعد ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔ یاد رہے کہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے 11 ستمبر 2024 کو اپنے پہلے غیر ملکی دورے کے طور پر عراق کا دورہ کیا تھا، جس کے دوران وہ بغداد، کربلا، نجف، بصرہ اور کردستان ریجن بھی گئے تھے۔
خبر کا کوڈ: 1183181