بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات جاری رکھنے کی ہدایت کردی، بیرسٹر گوہر خان
8 Jan 2025 15:48
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ مذاکرات کیلئے تیسری نشست ضرور ہونی چاہیئے، بانی نے کہا کہ مذاکراتی ٹیم کی ملاقات اسکے بعد نہ کروائی تو مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات جاری رکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے دونوں مطالبات تحریری طور پر حکومتی کمیٹی کو دینے کی اجازت دی ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ مذاکرات کے لیے تیسری نشست ضرور ہونی چاہیئے، بانی نے کہا کہ مذاکراتی ٹیم کی ملاقات اس کے بعد نہ کروائی تو مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔
واضح رہے کہ آج اڈیالہ جیل کے کمرۂ عدالت میں بانی پی ٹی آئی سے پارٹی رہنماؤں نے ملاقات کی تھی۔ بانیٔ پی ٹی آئی سے بیرسٹر گوہر، علی ظفر اور شیر افضل مروت نے ملاقات کی۔ دوسری جانب بانیٔ پی ٹی آئی کے طبی معائنے اور بیٹوں سے بات کرانے کی درخواست منظور کر لی گئی۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے بانیٔ پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی تھی۔
خبر کا کوڈ: 1183136