آزادی کا مطالبہ کرنے پر کشمیریوں کو بدترین بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سامنا ہے
8 Jan 2025 09:59
شہدائے سوپور، گائوکدل، ہندواڑہ اور کپواڑہ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ترجمان حریت کانفرنس نے کہا کہ بھارتی تسلط سے آزادی کے مقدس مقصد کے لیے کشمیر کے بہادر عوام کی بے مثال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی.
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے بھارتی حکومت کی ہٹ دھرمی پر مبنی ظالمانہ فوجی پالیسی کی مذمت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیر کے آزادی اور امن پسند عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کے دوران بھارت کی شدید سیاسی ناانصافیوں کو صبر و تحمل سے برداشت کر رہے ہیں۔شہدائے سوپور، گائوکدل، ہندواڑہ اور کپواڑہ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی تسلط سے آزادی کے مقدس مقصد کے لیے کشمیر کے بہادر عوام کی بے مثال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ظلم و جبر کے باوجود کشمیری عوام کے غیر متزلزل عزم نے بھارتی فوج کے غرور کو چکنا چور اور ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا ہے۔
حریت ترجمان نے بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی جیلوں میں قید مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی، نعیم احمد خان، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، معراج الدین کلوال، فاروق احمد ڈار، مشتاق الاسلام، بلال صدیقی، مولوی بشیر عرفانی، امیر حمزہ، ڈاکٹر حمید فیاض، حیات احمد بٹ، عبدالاحد پرہ، ظفر اکبر بٹ، محمد یوسف فلاحی، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی، رفیق احمد گنائی ، فیاض حسین جعفری اور انسانی حقوق کے علمبردار خرم پرویز سمیت آزادی پسند کشمیری نظربندوں کی جرات اور ثابت قدمی کی تعریف کی۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور انسانی حقوق کی دیگر بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظربند حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی حالت زار کا فوری نوٹس لیں۔
انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی پامالیاں بند کروائیں، کشمیریوں کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کریں اور دیرینہ تنازعہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
خبر کا کوڈ: 1183073