علی امین گنڈاپور کو پاڑا چنار کی صورتحال نظر نہیں آتی
پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے بدلے امریکہ سے ایٹمی اثاثوں پر سودے بازی کر سکتی ہے، خواجہ آصف
امریکا چاہے گا کہ ایسے حکمران آئین جو ایٹمی ہتھیار ختم کریں
6 Jan 2025 22:22
نجی ٹی وی سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاڑا چنار میں دیکھیں پچھلے 4 مہینوں سے کیا صورتحال تھی لیکن گنڈاپور کو پاڑا چنار میں تخریب کاروں پہ حملہ آور ہونا چاہیے تھا، آپ کو صوبے کے حالات ٹھیک کرنے چاہیں تھے۔
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما نے خواجہ آصف نے نجی ٹی وی کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے امریکا میں بیٹھے لوگ عمران خان کی رہائی اور حکومت میں آنے کے بدلے کیا سودے بازی کررہے ہیں؟، وہ ملک کے ایٹمی اثاثوں کی سودے بازی کررہے ہیں، وہ لازمی طور پر کچھ کررہے ہیں، میرے خیال میں 20 جنوری سے قبل مذاکرات میں کوئی ٹھوس پیشرفت نہیں ہوگی، 20 جنوری کے بعد کے حالات کو مدنظر رکھ کر یہ مذاکرات جاری رکھیں گے۔ جب ٹی وی اینکر نے سوال کیا کہ کیا آپ کو واقعی لگتا ہے کہ امریکا کی نئی انتظامیہ کے آنے کے بعد پی ٹی آئی کو امریکا سے مدد ملے گی اور کیا حکومت اس حوالے سے دباؤ میں نہیں ہے کہ امریکا سے کچھ بھی پیغام آسکتا ہے؟
اس سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت قطعی طور پر دباؤ میں نہیں ہے، ملکی تاریخ دیکھیں تو ہم نے پچھلے 30، 40 سال میں بہت دباؤ برداشت کیا ہے، دباؤ کے باؤجود ہم ایٹمی قوت بنے، ہمارے میزائل پروگرام جاری رہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ہمارے قطعی طور پر کوئی جارحانہ عزائم نہیں ہیں ہم ایسے خطے میں رہتے ہیں جہاں خلفشار ہے، ہمارے روایتی دشمن ہندوستان کے ساتھ تعلقات کشیدہ بھی ہیں، اس لیے ہمیں تیار رہنا پڑتا ہے، آج کے دنیا کے جو حالات ہیں اگر آپ اپنا دفاع مضبوط نہیں بنائیں گے تو آپ خطرے میں رہیں گے، اس لیے ہمارے میزائل پروگرامز یا ایٹمی اثاثے ہمیشہ ٹارگٹ رہے ہیں اور امریکا چاہے گا کہ یہاں پر کوئی ایسے حکمران آئیں جو پاکستان کو ڈی نیوکلیئرائز کریں یا پاکستان کے میزائل پروگرامز کو لپیٹ سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں امریکا کو کیوں الزام دوں، جب ہمارے ملک میں اس قسم کے لوگ موجود ہوں جو ایک وقت امریکا کو ایبسلوٹلی ناٹ کہتے تھے آج ایبسلوٹلی یس کہہ رہے ہیں اور ایبسلوٹلی یس بھی اس قسم کا کر رہے ہوں کہ یس کے آگے 10 ایس لگا رہے ہیں۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ امریکا میں تحریک انصاف کے حمایتیوں نے پوری طرح الیکشن میں حصہ لیا، جب عمران خان جیل سے باہر تھے انہوں نے سوائے گالی دینے کے امریکا کو باقی سب کچھ کہا، آج آپ کو نظر آتا ہے کہ وہ کس طرح امریکا سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں، تحریک انصاف حکومت میں واپس آنے کے لیے سب کچھ کررہی ہے، پاڑا چنار میں دیکھیں پچھلے 4 مہینوں سے کیا صورتحال تھی لیکن گنڈاپور کو پاڑا چنار میں تخریب کاروں پہ حملہ آور ہونا چاہیے تھا، آپ کو صوبے کے حالات ٹھیک کرنے چاہیں تھے۔
خبر کا کوڈ: 1182792