ہم شام سے پابندیاں ہٹانے میں جلدی نہیں کرینگے، یورپی یونین
6 Jan 2025 21:54
صحافیوں سے اپنی ایک گفتگو میں انور العونی کا کہنا تھا کہ جرمن و فرانسوی وزرائے خارجہ کے دورہ دمشق کا مقصد شام کے نئے حکام کے ساتھ محتاظ انداز میں بات چیت کرنا اور یورپی وزرائے خارجہ کی کونسل میں طے شدہ معاہدے کو اِن حکام تک پہنچانا تھا۔
اسلام ٹائمز۔ یورپی یونین کے ترجمان "انور العونی" نے کہا کہ شام سے پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ دمشق میں جرمن و فرانسوی وزرائے خارجہ کے مشن کی رپورٹ سے مربوط ہے۔ ہمیں اس معاملے میں جلدبازی نہیں کرنی چاہئے۔ انور العونی نے ان خیالات کا اظہار آج برسلز میں صحافیوں سے ایک گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جرمن و فرانسوی وزرائے خارجہ کے دورہ دمشق کا مقصد شام کے نئے حکام کے ساتھ محتاظ انداز میں بات چیت کرنا اور یورپی وزرائے خارجہ کی کونسل میں طے شدہ معاہدے کو اِن حکام تک پہنچانا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پیغام میں انسانی حقوق کے احترام، شام کی سالمیت، استحکام اور سلامتی کے ساتھ ساتھ ایک ایسے جامع سیاسی عمل میں پیشرفت کو یقینی بنانا شامل تھا جسے شامی عوام چلا سکے۔ یورپی یونین کے ترجمان نے صراحت کے ساتھ کہا کہ ہمیں اس معاملے میں جلدبازی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے یورپی وفد نے شام میں حاصل ہونے والی معلومات کو رپورٹ کی صورت میں یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ کو پیش کیا۔ اس لئے اس مرحلے پر پابندیاں اٹھانے کا فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔
واضح رہے کہ جرمن و فرانسوی ڈپلومیٹک سربراہان بالترتیب "آنالنا بائربوک" اور "جان نوئل بارو" نے گزشتہ ہفتے دمشق میں شام کے نئے حاکموں سے ملاقات کی۔ جس کے بعد فرانسوی وزیر خارجہ نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر ٹویٹ کیا جس میں انہوں نے شام میں اقتدار کی پُرامن منتقلی اور قیام امن پر زور دیا۔ جب کہ جرمن وزیر خارجہ نے اسی دورے کے بعد اپنے ایک الگ پیغام میں کہا کہ ہم شام میں اقتدار کی پُرامن منتقلی، ملک کی تعمیر نو اور قومی مفاہمت پر مشتمل عمل کی حمایت کریں گے۔ یورپی یونین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں شام کے ساتھ ہمارے تعلقات کا دارومدار وہاں کے حکمرانوں کے طرز عمل پر منحصر پے۔ یہاں یہ امر قابل غور ہے کہ یورپی یونین نے شام میں "مائیکل اونماخت" کو اپنا ناظم الامور مقرر کر دیا تا کہ وہ محتاط انداز میں وہاں کے حکام اور سول سوسائٹی کے ساتھ بات چیت کو آگے بڑھائیں۔ دوسری جانب یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ "کایا کیلس" نے اس یونین کے وزرائے خارجہ کے تازہ ترین اجلاس میں دعویٰ کیا کہ اگر نئے شامی حکام نے مثبت و صحیح قدم اٹھایا تو ہم دلچسپی کے ساتھ اُن کے ملک کی تعمیر نو میں مدد کرنے کو تیار ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1182791