QR CodeQR Code

وزیراعظم کا انسانی سمگلرز کی جائیدادیں اور اثاثے ضبط کرنے کیلئے قانونی کارروائی کا حکم

6 Jan 2025 20:21

میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ دفتر خارجہ بیرون ملک سے انسانی سمگلنگ کا دھندا چلانے والے پاکستانیوں کیلئے متعلقہ ممالک سے رابطہ کرے اور ان کی پاکستان حوالگی کے حوالے سے جلد از جلد اقدامات کرے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وزارت اطلاعات و نشریات، وزارت داخلہ کے تعاون سے عوام میں بیرون ملک نوکریوں کیلئے صرف قانونی راستے اختیار کرنے کے حوالے سے آگاہی مہم چلائے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شہباز شریف نے انسانی سمگلنگ کے سہولت کار سرکاری افسران کیخلاف کارروائی کو سراہتے ہوئے انسانی سمگلرز کی جائیدادوں اور اثاثوں کی ضبطگی کیلئے فوری قانونی کارروائی کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ انسانی سمگلنگ کیخلاف کئے گئے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے انسانی سمگلنگ میں ملوث سرکاری اہلکاروں کیخلاف حالیہ اقدامات پر ایف آئی اے کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلروں کے سہولت کار سرکاری افسران کیخلاف حالیہ تادیبی کارروائیوں کا آغاز خوش آئند ہے، انسانی سمگلرز کیخلاف سخت تعزیری کارروائی بھی کی جائے تاکہ وہ نشان عبرت بنیں۔ شہباز شریف نے ہدایت کی کہ اس مکروہ دھندے میں ملوث تمام افراد کیخلاف استغاثہ کے عمل کو مزید موثر بنایا جائے، استغاثہ کیلئے وزارت قانون و انصاف سے مشاورت کے بعد اعلیٰ ترین درجے کے وکلا تعینات کئے جائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دفتر خارجہ بیرون ملک سے انسانی سمگلنگ کا دھندا چلانے والے پاکستانیوں کیلئے متعلقہ ممالک سے رابطہ کرے اور ان کی پاکستان حوالگی کے حوالے سے جلد از جلد اقدامات کرے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وزارت اطلاعات و نشریات، وزارت داخلہ کے تعاون سے عوام میں بیرون ملک نوکریوں کیلئے صرف قانونی راستے اختیار کرنے کے حوالے سے آگاہی مہم چلائے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں ایسے ٹیکنیکل ٹریننگ اداروں کی ترویج کی جائے، جو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق سرٹیفائیڈ پیشہ ور افراد بیرون ملک مارکیٹ کو فراہم کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہوائی اڈوں پر بیرون ملک جانیوالے افراد کی سکریننگ کا عمل مزید موثر بنایا جائے۔ اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں انسانی سمگلنگ کیخلاف اقدامات، سہولت کاروں کیخلاف قانونی کارروائی اور انسانی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے قانون سازی کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔ واضح رہے کہ یونان اور لیبیا میں کشتی حادثوں کے نتیجے میں غیر قانونی طور پر یورپ جانیوالے متعدد پاکستانی جاں بحق ہوگئے تھے، اس کے بعد وزیر اعظم نے ایف آئی اے کو سخت کارروائی کا حکم دیا تھا، جس کے بعد سے درجنوں انسانی سمگلرز گرفتار کئے جا چکے ہیں۔ ایف آئی اے نے کارروائی کے دوران اپنے محکمہ کے افسران اور سرکاری عہدیداروں کیخلاف بھی ایکشن لیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1182762

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1182762/وزیراعظم-کا-انسانی-سمگلرز-کی-جائیدادیں-اور-اثاثے-ضبط-کرنے-کیلئے-قانونی-کارروائی-حکم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com