QR CodeQR Code

دہشتگردوں نے ثابت کر دیا کرم میں کوئی ریاستی رٹ نہیں، علامہ سبطین سبزواری

6 Jan 2025 14:26

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر نے علما سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد ریاستی رٹ کو چیلنج کر رہے ہیں، تین ماہ سے بند پاراچنار کا راستہ کھلوانا حکومت اور ریاستی اداروں کا امتحان ہوگا، پاکستان کا ہر شہری ملک کے کسی بھی علاقے میں جا سکتا ہے، پُرامن فضا مہیا کرنا، رکاوٹیں دور کرنا ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ سیدسبطین حیدر سبزواری نے ضلع کرم کے علاقہ بگن میں ڈپٹی کمشنر اور سرکاری گاڑیوں پر دہشت گردوں کی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تین ماہ سے بند پاراچنار کا راستہ کھلوانا حکومت اور ریاستی اداروں کا امتحان ہوگا، چونکہ دہشت گرد اتنے مضبوط ہو چکے ہیں کہ ریاستی رٹ کو بھی چیلنج کر رہے ہیں۔ عام آدمی پوچھتا ہے کیا دہشت گرد قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے زیادہ مضبوط کیوں ہو گئے ہیں؟ انہیں کون سے خفیہ ہاتھ سپورٹ کر رہے ہیں۔ جامعتہ النجف میں علماء سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پرامن شہریوں کے نقل و حرکت رکاوٹ ڈالنے والے کون ہیں؟ اب کسی سے یہ بات ڈھکی چھپی نہیں رہ گئی۔

ان کا کہنا تھا کالعدم دہشت گرد تنظیم نے غلیظ نعرے لگا کر اپنی گندی ذہنیت کا بھی اظہار کر دیا ہے، اب ریاستی اداروں کا امتحان ہے کہ وہ نہ صرف امن معاہدے پر عمل درآمد کروائیں بلکہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے خوارج کیخلاف بگن میں بھی آپریشن کریں اور علاقے کو خالی کروائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ہر شہری ملک کے کسی بھی علاقے میں جا سکتا ہے، ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں کو پُرامن فضا مہیا کریں اور رکاوٹوں کو دور کریں۔ علامہ سید سبطین سبزواری نے کہا دہشت گردوں کا تین ماہ سے زائد عرصہ سے راستہ بند کرکے بیٹھنا ثبوت ہے کہ ضلع کرم میں ریاست کی کوئی رٹ نہیں۔


خبر کا کوڈ: 1182561

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1182561/دہشتگردوں-نے-ثابت-کر-دیا-کرم-میں-کوئی-ریاستی-رٹ-نہیں-علامہ-سبطین-سبزواری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com