ہم عظیم ترکیہ کے خواب کو شرمندہ تعبیر کریں گے، رجب طیب اردگان
4 Jan 2025 21:09
ایک پارٹی اجلاس سے اپنی گفتگو میں ترکیہ کے صدر کا کہنا تھا کہ ہم ملک کو ان علیحدگی پسندوں سے پاک کرنے کیلئے پُرعزم ہیں جنہیں تقریباََ چالیس سالوں سے استعمار نے استعمال کیا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ ترکیہ کے صدر "رجب طیب اردگان" نے کہا کہ علیحدگی پسند دہشت گرد تنظیموں کا زمانہ ختم ہو گیا ہے یا تو وہ اپنے ہتھیاروں کو دفن کر دیں یا پھر انہیں انہی ہتھیاروں کے ساتھ زمین میں دبا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے پاس اس کے علاوہ تیسرا کوئی آپشن موجود نہیں۔ رجب طیب اردگان نے ان خیالات کا اظہار جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دہشت گرد تنظیموں کے خاتمے اور ان کے ہتھیار ضبط کرنے کا مرحلہ آن پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے اور ترکیہ میں انتہاء پسندوں کا کوئی مستقبل نہیں۔ ہم تقریباََ ایک ہزار سال سے اس خطے میں موجود ہیں اور آنے والے ہزاروں سالوں تک شجاعت کی داستانیں رقم کرنے کے لئے یہاں موجود ہوں گے۔ ترکیہ کے صدر نے کہا کہ ہم ملک کو ان علیحدگی پسندوں سے پاک کرنے کے لئے پُرعزم ہیں جنہیں تقریباََ چالیس سالوں سے استعمار نے استعمال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ملکی مفاد کو ترجیح دی۔ ہم عظیم ترکیہ کے خواب کو پورا کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
خبر کا کوڈ: 1182398