QR CodeQR Code

اقوام متحدہ اور عالمی برادری کمشیریوں کا حق خودارادیت تسلیم کرے، سعد رضوی

4 Jan 2025 17:05

سربراہ ٹی ایل پی  کا کہنا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر غیرقانونی قبضہ جما رکھا ہے اور کشمیری عوام پر مظالم کی ایک سیاہ تاریخ رقم کی ہے، بیگناہ کشمیریوں کی شہادت، خواتین کی بے حرمتی، بچوں کو یتیم بنانا اور آزادی کی آواز کو دبانے کیلئے طاقت کا بے دریغ استعمال، انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کی مثالیں ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سربراہ تحریکِ لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے 5 جنوری کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے دن کے موقع پر اقوام عالم کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ 5 جنوری کو دنیا بھر میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کا دن منایا جا رہا ہے، جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یہ حق فراہم کرنے کی یاد دلاتا ہے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ آزادانہ طور پر کریں، اقوام متحدہ نے 5 جنوری 1949 کو کشمیری عوام کے اس بنیادی حق کو تسلیم کیا، جو آج تک بھارت کے ظالمانہ ہتھکنڈوں اور ریاستی جبر کے باعث معطل ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر غیرقانونی قبضہ جما رکھا ہے اور کشمیری عوام پر مظالم کی ایک سیاہ تاریخ رقم کی ہے، بیگناہ کشمیریوں کی شہادت، خواتین کی بے حرمتی، بچوں کو یتیم بنانا اور آزادی کی آواز کو دبانے کیلئے طاقت کا بے دریغ استعمال، انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کی مثالیں ہیں، بھارتی حکومت نے 5 اگست 2019 کو آرٹیکل 370 اور 35 اے کی منسوخی کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرکے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کی، اس کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال مزید ابتر ہو چکی ہے، جہاں لاکھوں کشمیری بدترین کرفیو، جبری گمشدگیوں اور غیر انسانی سلوک کا سامنا کر رہے ہیں۔
 
سعد حسین رضوی نے کہا کہ اقوام متحدہ اورعالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے وعدوں کو پورا کرے اور بھارت کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حق خودارادیت فراہم کرنے پر مجبور کرے، مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کا حل جنوبی ایشیا میں امن کے قیام کیلئے ناگزیر ہے، ہم کشمیری عوام کیساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں اور بھارتی مظالم کی سختی سے مذمت کرتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آزادی کیلئے جاری جدوجہد میں پاکستان کا ہر شہری ان کیساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ہمیشہ کھڑا رہے گا۔


خبر کا کوڈ: 1182355

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1182355/اقوام-متحدہ-اور-عالمی-برادری-کمشیریوں-کا-حق-خودارادیت-تسلیم-کرے-سعد-رضوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com