میر واعظ کا اپنی بار بار نظربندی پر اظہار تشویش
4 Jan 2025 09:06
انہوں نے کہا کہ جمعتہ المبارک کا مقصد محض نماز کی ادائیگی نہیں بلکہ میرواعظ کی حیثیت سے اس ہفتہ وار عظیم اجتماع کے موقع پر عوامی مشکلات اور شکایات کے ازالے کیلئے آواز اٹھانا میری منصبی ذمہ داری ہے۔
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے اپنی بار بار نظربندی اور دینی فرائض اور ذمہ داریوں سے محروم رکھنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق میر واعظ نے گذشتہ روز سری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قابض بھارتی انتظامیہ کی طرف سے گھر میں نظربندی کے باعث وہ مسلسل چار ہفتوں تک فرائض کی ادائیگی سے محروم رہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعتہ المبارک کا مقصد محض نماز کی ادائیگی نہیں بلکہ میرواعظ کی حیثیت سے اس ہفتہ وار عظیم اجتماع کے موقع پر عوامی مشکلات اور شکایات کے ازالے کیلئے آواز اٹھانا میری منصبی ذمہ داری ہے۔ میر واعظ نے کہا کہ آوازوں کو خاموش کرنے یا مجھے گھر میں قید کرنے سے کشمیریوں کو درپیش چیلنجز حل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی انتظامیہ انہیں اپنی ذمہ داریاں بلاتعطل ادا کرنے کی اجازت دے گی۔
خبر کا کوڈ: 1182271