QR CodeQR Code

بھٹوں کے ہزاروں مزدور خاندانوں کے گھر میں فاقوں کی نوبت پہنچ چکی ہے، مزدور رہنمائوں کی پریس کانفرنس 

3 Jan 2025 23:46

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ زگ زیگ سسٹم کی آڑ میں بھٹوں کے خلاف کریک ڈاون کی بجائے غربت کی لکیر سے بھی نیچے زندگی بسر کرنے والے مزدوروں کو بے روزگار نہ کیا جائے۔ 


اسلام ٹائمز۔ عہد آرگنائزیشن کی ڈائریکٹر اقصی ہاشمی، ساوتھ پنجاب ورکرز فیڈریشن کے رہنماوں دلاور عباس صدیقی، مصور نقوی، سماجی رہنما ملک محسن بھٹہ، فرحت عباس شاہ ایڈووکیٹ، غازی احمد حسن کھوکھر، کامریڈ یامین، محمد صفدر، مرزا نوید بیگ نے پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس میں دوٹوک اور واضح انداز میں صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ زگ زیگ سسٹم کی آڑ میں بھٹوں کے خلاف کریک ڈاون کی بجائے غربت کی لکیر سے بھی نیچے زندگی بسر کرنے والے مزدوروں کو بے روزگار نہ کیا جائے بلکہ ان کے لئے کم از کم 6ماہ تک کے لئے خصوصی طور پر وظیفہ جاری کیا جائے، جن کے پاس بنیادی سہولیات تک میسر نہیں ہیں اور نہ ہی ان کے لئے شناختی کارڈز، ای او بی آئی کی سہولت تک میسر ہے لیکن اس وقت تک اعداد و شمار کے مطابق اب تک سو سے زائد بھٹوں کو گرایا جا چکا ہے، بھٹوں کے ساتھ ساتھ پینے کے صاف پانی کی سہولت بھی پانی کی موٹریں سیل کرکے چھینی جا رہی ہیں جو کہ غریب محنت کش مزدوروں کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔

 ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حیران کن صورتحال یہ ہے کہ جو بھٹے ابھی تیار ہو رہے ہیں وہ بھی سیل کئے جا رہے ہیں اور جن بھٹوں کو زگ زیگ کی آڑ میں سیل کیا جاچکا ہے اس کے نتیجے میں ہزاروں مزدور خاندانوں کے گھر میں فاقوں کی نوبت پہنچ چکی ہے، ایوانوں میں بیٹھے حکمران اپنی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کے لئے تو قانون بنا دیتے ہیں لیکن غریب مزدور، محنت کش طبقہ کے حقوق کے لئے آٹے میں نمک کے برابر بھی سہولت نہیں دی جارہی، اس سلسلے میں عہد آرگنائزیشن کے وفد نے ڈپٹی کمشنر ملتان سے بھی ملاقات کی لیکن ان کی یقین دہانی کے باوجود مزدور پیشہ طبقہ کے حقوق کے لئے حقیقی معنوں میں احکامات جاری نہیں کئے گئے، بہت جلد عہد آرگنائزیشن اور ٹریڈ یونین کا وفد وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے ملاقات کرے گا اور انہیں تمام صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 1182233

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1182233/بھٹوں-کے-ہزاروں-مزدور-خاندانوں-گھر-میں-فاقوں-کی-نوبت-پہنچ-چکی-ہے-رہنمائوں-پریس-کانفرنس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com