QR CodeQR Code

جرمنی نے شام پر قابض ٹولے کو اسلامی حکومت کی تشکیل پر خبردار کر دیا

3 Jan 2025 23:18

اپنے ایک بیان میں آنالنا بائربوک کا کہنا تھا کہ یورپ، شام کو اسلامی حکومت کے قیام نہیں بلکہ اقتدار کی پُرامن منتقلی کی صورت میں مالی مدد دے گا۔


اسلام ٹائمز۔ شام پر قابض گروہ کے سرغنہ "ابو محمد الجولانی" سے آج جرمن وزیر خارجہ "آنالنا بائربوک" نے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شام میں اسلامی حکومت کے قیام کی صورت میں یورپ، دمشق کی مالی امداد نہیں کرے گا۔ آنالنا بائربوک نے کہا کہ یورپ، شام کو اسلامی حکومت کے قیام نہیں بلکہ اقتدار کی پُرامن منتقلی کی صورت میں مالی مدد دے گا۔ واضح رہے کہ کچھ ہی دیر قبل دمشق میں فرانسوی وزیر خارجہ "جان نوئل باروت" نے اپنی جرمن ہم منصب کے ساتھ شام کے نئے حکمرانوں سے ملاقات کی۔ ابو محمد الجولانی سے ان دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات یورپی یونین کے نمائندے کے طور پر ہوئی۔ مغربی طاقتوں کی جانب سے یہ اعلیٰ سطحی وفد بشار الاسد کی حکومت کے گرنے کے بعد دمشق پہنچا ہے۔

یاد رہے کہ 27 نومبر 2024ء کو دہشت گردی کی فہرست میں شامل "تحریر الشام" نے "بشار الاسد" کی حکومت کو گرانے کے لئے حلب کے شمال اور مغرب سے اپنی یلغار کا آغاز کیا۔ شامی فوج کی جانب سے کسی قسم کی مزاحمت نہ ہونے کی وجہ سے یہ گروہ 11 دن بعد دمشق پر قابض ہو گیا۔ انہی تبدیلیوں کے دوران بشار الاسد کی حکومت کے گرنے کے بعد صیہونی جنگی طیاروں نے شام کے مختلف علاقوں پر بلا فاصلہ بمباری کرنا شروع کر دی۔ اسرائیل نے شامی فوجی اہداف، ہوائی اڈوں اور اس ملک کے بنیادی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ یہاں یہ بات بھی قابل غور ہے کہ شام پر قابض ٹولے نے اسرائیل کی اس جارحیت کو مکمل نظرانداز کئے رکھا اور اس پر کوئی موقف نہیں اپنایا۔ تاہم بعض اسلامی ممالک جیسے ایران، عراق، کویت، اردن، یو اے ای اور مصر نے اسرائیل کی شام پر جارحیت کی مذمت کی۔


خبر کا کوڈ: 1182230

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1182230/جرمنی-نے-شام-پر-قابض-ٹولے-کو-اسلامی-حکومت-کی-تشکیل-خبردار-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com