QR CodeQR Code

معاشرے کی تعمیر اور ترقی کیلئے علم کا فروغ ضروری ہے، علامہ مقصود ڈومکی

3 Jan 2025 13:07

کشمور میں طلباء و مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں میں بچوں کی تعلیم اور تربیت کیلئے ون ٹیچر اسکول کا آئیڈیا انتہائی مفید اور کارآمد ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ سندھ میں ڈاکو راج کے پیچھے پیپلز پارٹی کے بااثر وڈیرے اور پولیس میں موجود کالی بھیڑیں ہیں۔ ہر دفعہ آپریشن کے اعلان کے بعد ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کے لئے آنے والے اربوں روپے کرپشن کی نظر ہو جاتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے ضلع کشمور کے گاؤں حاجی شاہ نواز خان ڈومکی اور گوٹھ غلام شبیر گولاٹو کے دورے کے موقع پر گاؤں کے مکینوں اور طلباء سے کے گفتگو کرتے ہوئے کی۔ علامہ مقصود ڈومکی نے ون ٹیچر اسکول کے طلباء کو بھی درس دیا۔

انہوں نے اس موقع پر طلباء سے کہا کہ دین اسلام نے علم کو بڑی اہمیت دی ہے۔ معاشرے کی تعمیر اور ترقی کے لئے علم کا فروغ ضروری ہے۔ جاہل معاشرہ کبھی ترقی نہیں کر سکتا۔ بدقسمتی سے پاکستان کی حکومت نے تعلیم پر کبھی توجہ نہیں دی۔ قوموں کی تعمیر اور ترقی کے لئے علم و ہنر کا فروغ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں میں بچوں کی تعلیم اور تربیت کے لئے ون ٹیچر اسکول کا آئیڈیا انتہائی مفید اور کارآمد ہے۔ انہوں نے اس موقع پر اسکول ٹیچر اور بچوں میں گفٹ تقسیم کئے۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے مختلف عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کشمور، شکارپور، گھوٹکی اور سندھ کے دیگر اضلاع میں امن و امان کی ابتر صورتحال سندھ حکومت کی نااہلی کے سبب ہے۔ جنہوں نے ڈاکوؤں کو معصوم شہریوں کو لوٹنے اور اغواء کرنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ ریاست اور ریاستی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ لوگ اپنے آپ کو مکمل طور پر غیرمحفوظ سمجھتے ہیں۔ ہر دفعہ آپریشن کے اعلان کے بعد ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کے لئے آنے والے اربوں روپے کرپشن کی نظر ہو جاتے ہیں۔ جبکہ عملی طور پر ڈاکوؤں کے خلاف کوئی آپریشن نہیں کیا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ اس کا بنیادی سبب یہ ہے کہ سندھ میں ڈاکو راج کے پیچھے پیپلز پارٹی کے بااثر وڈیرے اور پولیس میں موجود کالی بھیڑیں ہیں۔ جنہوں نے معصوم غریب انسانوں کے اغواء کو ایک منافع بخش کاروبار بنا دیا ہے۔ آج تک کسی سردار یا وڈیرے کا بیٹا یا بھائی کیوں اغواء نہیں ہوا؟ اغواء ہمیشہ غریب کا بیٹا ہوتا ہے، جو لاکھوں روپے تاوان کی رقم ادا کرکے بازیاب ہوتا ہے۔ ظلم کی انتہاء ہے کہ ایک غریب باپ نے بیٹے کو ڈاکوؤں کے ظلم سے بازیاب کرانے کے لئے اپنی بیٹی بیچ دی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی نائب صدر سید عمران علی شاہ بخاری، ایم ڈبلیو ایم تعلقہ کے رہنماء ابوالخیر ڈومکی اور مجلس علماء مکتب اہل بیت کے رہنماء علامہ سیف علی ڈومکی بھی ان کے ہمراہ تھے۔


خبر کا کوڈ: 1182114

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1182114/معاشرے-کی-تعمیر-اور-ترقی-کیلئے-علم-کا-فروغ-ضروری-ہے-علامہ-مقصود-ڈومکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com