QR CodeQR Code

ایک رپورٹ

جرمنی و فرانس کے وزرائے خارجہ شام پہنچ گئے

3 Jan 2025 11:54

اپنے ایک بیان میں آنالنا بائربوک کا کہنا تھا کہ ہمارا یہ سفر شامیوں کیلئے خوشبختی کا پیغام ہے۔ جس سے یورپ اور شام، جرمنی و شام کے درمیان نئے سیاسی دور کے آغاز کا امکان ہے۔


اسلام ٹائمز۔ آج فرانسوی وزیر خارجہ "جان نوئل بارو" اور جرمن وزیر خارجہ "آنالنا بائربوک" دمشق پر قابض گروہ سے ملاقات کے لئے شام پہنچ گئے۔ دمشق کے اپنے دورے کے حوالے سے جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ اپنے فرانسوی ہم منصب کے ساتھ میرا یہ سفر یورپی یونین کی جانب سے انجام پا رہا ہے۔ یہ سفر شامیوں کے لئے خوش بختی کا پیغام ہے۔ جس سے یورپ اور شام، جرمن و شام کے درمیان نئے سیاسی دور کے آغاز کا امکان ہے۔ میڈیا کا کہنا ہے کہ جان نوئل بارو دمشق پہنچ چکے ہیں جب کہ جرمن وزیر خارجہ کچھ ہی دیر میں ان کے ساتھ مل جائیں گی۔ دوسری جانب جان نوئل بارو نے کہا کہ جرمنی و فرانس، شامی عوام، دمشق میں اقتدار کی پُرامن منتقلی اور خطے میں استحکام کی حمایت کریں گے۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے جرمنی کی وزارت خارجہ میں مشرق وسطیٰ کے امور کے ڈائریکٹر "ٹوباس ٹونکل" کی قیادت میں ایک وفد نے "تحریر الشام" کے سرغنہ "ابو محمد الجولانی" اور اس گروہ کے دیگر رہنماوں سے ملاقات کی۔

جرمن وزارت خارجہ نے ایک جاری بیان کے ذریعے اس ملاقات کے حوالے سے بتایا کہ یہ ملاقات شام میں اقتدار کی سیاسی منتقلی، انسانی بالخصوص خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کے بارے میں اپنے تحفظات کے موضوع پر مشتمل تھی۔ اسی طرح 17 دسمبر کو فرانس کے ایک سفارتی وفد نے بھی شام پر مسلط گروہ کے حکام سے ملاقات کی۔ اس موقع پر فرانس نے 12 سال سے شام کے ساتھ اپنے منقطع تعلقات کو دوبارہ بحال کیا اور دمشق میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولتے ہوئے اُس پر فرانسوی پرچم لہرایا۔ یہاں یہ امر قابل غور ہے کہ قبل ازیں جان نوئل بارو، فرانسوی پارلیمنٹ میں اس عزم کا اعادہ کر چکے ہیں کہ ہمارے سفارت کاروں کو شام کے حاکمان کی جانب سے مثبت اشارے ملے ہیں۔ ہم شام کے حوالے سے اپنی پالیسی کا فیصلہ ان حاکمان کے الفاظ نہیں بلکہ اُن کے عمل اور وقت کے ساتھ کریں گے۔ یاد رہے کہ 27 نومبر 2024ء کو دہشت گردی کی فہرست میں شامل "تحریر الشام" نے "بشار الاسد" کی حکومت کو گرانے کے لئے حلب کے شمال اور مغرب سے اپنی یلغار کا آغاز کیا۔ شامی فوج کی جانب سے کسی قسم کی مزاحمت نہ ہونے کی وجہ سے یہ گروہ 11 دن بعد دمشق پر قابض ہو گیا۔


خبر کا کوڈ: 1182109

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1182109/جرمنی-فرانس-کے-وزرائے-خارجہ-شام-پہنچ-گئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com