مظفرآباد، 5 جنوری کو یوم حق خودارادیت ریلی کے سلسلے میں حریت کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ اجلاس
3 Jan 2025 12:15
اجلاس میں بتایا گیا کہ ریلی میں شرکت کیلئے سیاسی و مذہبی جماعتوں، علماء کرام، نوجوانوں، تاجروں اور مہاجرین کشمیر سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں 5 جنوری کو یوم حق خودارادیت کے موقع پر منعقد کی جانیوالی ریلی کے سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کو بتایا گیا کہ 5جنوری کو مظفرآباد میں یوم حق خودارادیت کے حوالے سے تاریخی ریلی منعقد کی جائیگی۔ ریلی میں شرکت کیلئے سیاسی مذہبی جماعتوں، علماء کرام، نوجوانوں، تاجروں اور مہاجرین کشمیر سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اجلاس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکرٹری جنرل ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ، سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ، آزادی پسند رہنمائوں راجہ خادم حسین، عبد الماجد شیخ، مشتاق الاسلام، زاہد اشرف، محمد نذیر کرناہی، منظور احمد شاہ، چوہدری محمد شاہین، زاہد احمد صفی، عثمان علی ہاشم، سید گلشن شاہ، عبدالمجید میر، سید شعیب احمد شاہ، عبدالحمید لون اور عزیر احمد غزالی نے شرکت کی۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے سکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ نے مظفر آباد میں تحریک شباب المسلمین اسٹوڈنٹس ونگ کے عہدیداران کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں 5 جنوری کو یوم حق خودارادیت کے موقع پر نکالی جانیوالی ریلی میں شرکت کی دعوت دی۔ تحریک شباب المسلمین اسٹوڈنٹس ونگ کے چیئرمین ریاض احمد اعوان کی زیرصدارت اجلاس میں مشتاق احمد بٹ نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5جنوری 1949ء کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے کی قرارداد منظور کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ جموں و کشمیر میں آزادنہ و غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کشمیری اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ خود کرینگے، مگر بدقسمتی سے سات دہائیاں گزرنے کے باوجود اس قرارداد پر عملدرآمد نہیں کیا گیا اور تب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا ناختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے اور کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں پیش کر رہے ہیں۔اجلاس سے منیر کونشے، زبیر درانی، نصیر میر، فیض اللہ درانی، جہانگیر قریشی، آصف درانی، ارشد اعوان، امتیاز اعوان، عبدالقدوس، شاہد اعوان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ: 1182103