حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیراہتمام 5 جنوری کو ریلی کا انعقاد کیا جائے گا
3 Jan 2025 07:46
ذرائع کے مطابق ریلی کی قیادت حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی اور آزاد جموں و کشمیر کے سیاسی قائدین کریں گے۔
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حْریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیرِاہتمام 5 جنوری کو ”یوم حق خودارادیت” کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔ 5 جنوری 1949ء کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک تاریخی قرارداد منظور کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ریاست جموں و کشمیر کے بھارت یا پاکستان کے ساتھ الحاق کے سوال کا فیصلہ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے جمہوری طریقے سے کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ریلی کی قیادت حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی اور آزاد جموں و کشمیر کے سیاسی قائدین کریں گے۔ ریلی کے انعقاد کیلئے تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹی نے دارالحکومت کے عوام، سیاسی و مذہبی جماعتوں، سول سوسائٹی، طلباء وکلاء سے اپیل کی ہے کہ وہ برہان وانی شہید چوک سے نکالی جانے والی ریلی میں بھرپور شرکت کریں۔حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے اس حوالے سے جو کمیٹی تشکیل دی ہے اس میں ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ، زاہد اشرف، سید گلشن شاہ، عبدالمجید میر، عزیر احمد غزالی، مشتاق احمد بٹ، عبدالحمید لون، محمد اشرف ڈار، مشتاق الاسلام، چوہدری محمد شاہین شامل ہیں۔
دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری پرویز احمد شاہ، سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ، رہنمائوں زاہد اشرف، مشتاق الاسلام، محمد اشرف ڈار نے مظفر آباد میں ڈائریکٹر لبریشن سیل راجہ سجاد، محکمہ اطلاعات کے ڈائریکٹر مرزا بشیر اور ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ راجہ فیاض سے ملاقات کی اور انہیں 5 جنوری یوم حق خودارادیت ریلی میں شرکت کی دعوت دی۔
دریں اثنا پاسبان حریت کے چیئرمین عزیز احمد غزالی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کی طرف سے 5جنوری بروز اتوار مظفرآباد میں منعقد کی جانے والی ریلی کو کامیاب بنانے کیلئے تمام توانائیاں صرف کی جائیں گی۔ ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے ایک وفد نے مظفر آباد کے میئر سکندر گیلانی سے ملاقات کی۔ میئر نے 5جنوری کو یوم حق خودارادیت کے موقع پر حریت کانفرنس کے زیراہتمام نکالی جانیوالی ریلی میں تمام کونسلروں اور ملازمین کی شرکت کی یقین دہانی کرائی۔ وفد نے مولانا ظہور جلالی سمیت آزاد کشمیر کے علمائے کرام سے بھی ملاقات کی اور انہوں نے بھی ریلی میں شرکت کی یقین دہانی کرائی۔
خبر کا کوڈ: 1182072