کیس جرائم کی نوعیت پر بنتے ہیں
بانی سے ملاقات کا مطالبہ جائز، مشاورت پر کوئی اعتراض نہیں، عرفان صدیقی
ایسی کوئی ضمانت نہیں دی جاسکتی کہ کسی پر کوئی کیس نہیں بنے گا
2 Jan 2025 23:08
پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے راہنما و سینیٹر کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا جاری رہنا بھی ایک بڑی پیشرفت ہے، مذاکرات ایک ہفتہ آگے کرنا حکومت نہیں پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے۔ ہم نے پی ٹی آئی ارکان سے کوئی مطالبہ نہیں کیا۔
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نون کے راہنما و سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان کا بانی سے ملاقات کا مطالبہ جائز ہے، پی ٹی آئی ارکان کی بانی سے مشاورت پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔ پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹیوں کی خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی، ہماری توقع تھی آج تحریری مطالبات لے کر آئیں گے۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے تبایا کہ پی ٹی آئی ارکان نے کہا بانی سے ملاقات کرائی جائے، ہم نے پی ٹی آئی ارکان سے بانی سے ملاقات کے لیے سہولت فراہم کرنے کا کہا ہے، ہم توقع رکھتے ہیں اگلی نشست میں تحریری مطالبات لے کر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا جاری رہنا بھی ایک بڑی پیشرفت ہے، مذاکرات ایک ہفتہ آگے کرنا حکومت نہیں پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے۔ ہم نے پی ٹی آئی ارکان سے کوئی مطالبہ نہیں کیا، پی ٹی آئی ارکان نے الیکشن، 26ویں ترمیم سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ کیس جرائم کی نوعیت پر بنتے ہیں، 26 نومبر کو واقعات ہوئے اس لیے کیسز بنے، ایسی کوئی ضمانت نہیں دی جاسکتی کہ کسی پر کوئی کیس نہیں بنے گا۔
خبر کا کوڈ: 1182034