عالمی برادری فلسطینیوں کے حقوق کی پامالی پر اسرائیل کو سزاء دے، سعودی عرب
31 Dec 2024 23:09
ایک حکومتی اجلاس میں سعودی وزراء کا کہنا تھا کہ شام کی سالمیت و خود مختاری کا احترام بہت ضرروی ہے۔ شام کے داخلی امور میں بیرونی قوتوں کو اثرانداز نہیں ہونا چاہئے۔
اسلام ٹائمز۔ سعودی عرب نے صیہونی آبادکاروں کے ہاتھوں مسجد اقصیٰ کے صحن کی بے حرمتی پر عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے حقوق کی آئے روز پامالی پر اسرائیل کو سزا دے۔ تفصیلات کچھ یوں ہیں کہ آج سعودی بادشاہ "سلمان بن عبد العزیز" کی صدارت میں حکومت کا اجلاس ہوا۔ جس میں سعودی حکومت کے وزراء نے دوسرے ممالک کے ساتھ ریاض کے ہونے والے مذاکرات کا جائزہ لیا۔ نیز شاہ سلمان کو روسی صدر "ولادیمر پیوٹن" کی جانب سے موصول ہونے والے پیغام پر تبادلہ خیال بھی کیا۔ سعودی حکومت نے بیت المقدس میں مسجد الاقصیٰ پر مسلسل صیہونی حملوں کی مذمت کی۔
انہوں نے مسجد اقصیٰ کی تاریخی و قانونی حیثیت کی تبدیلی کی کوششوں کی شدید مخالفت کی۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ نہتے فلسطینیوں کے حقوق کو روندنے اور اسلامی مقدسات کی بے حرمتی پر اسرائیل کو سزا دے۔ سعودی کابینہ نے خلیج فارس تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں فلسطینی عوام کی حمایت میں جاری ہونے والے بیان کی حمایت کی۔ انہوں نے غزہ کی پٹی میں فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔ اسی طرح انہوں نے شام کی سالمیت و خود مختاری کے احترام کو بھی ضرروی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ شام کے داخلی امور میں بیرونی قوتوں کو اثرانداز نہیں ہونا چاہئے۔
خبر کا کوڈ: 1181715