QR CodeQR Code

وزیراعظم آزاد کشمیر کی کشمیر جرنلسٹس فورم کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد

31 Dec 2024 09:15

چوہدری انوارالحق کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مقابلے میں آزاد کشمیر میں آزادی رائے کی مکمل آزادی ہے اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کا مربوط نظام موجود ہے جو کہ دراصل آزاد کشمیر کے جمہوری معاشرے کا ہی ثمر ہے۔


اسلام ٹائمز۔ آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کشمیرجرنلسٹس فورم کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے صحافتی تنظیموں میں جمہوری عمل کے تسلسل اور معاشرے میں درست اطلاعات کی فراہمی میں ان کے مثبت کردار کو سراہا ہے۔ ذرائع کے مطابق چوہدری انوارالحق نے کشمیر جرنلسٹس فورم کے نومنتخب صدر سردار عرفان سدوزئی ،سیکرٹری جنرل مقصود منتظر صوفی، سینئر نائب صدر اقبال اعوان، دانش ارشاد، سیکرٹری فنانس سردار عمران، سیکرٹری اطلاعات علی حسنین نقوی اور دیگر عہدیداروں کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کی حکومت اور عوام سول سوسائٹی کے اداروں میں جمہوری رویوں، عمل اور روایات کا خیرمقدم کرتی ہے بالخصوص جب فیک نیوز سے معاشرے میں بگاڑ اور نظریاتی افکار کو نقصان پہنچانے کی دانستہ کوششیں ہوں تو مستند صحافی اور میڈیا ہی درست اطلاعات بہم پہنچانے کا فریضہ ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مقابلے میں آزاد کشمیر میں آزادی رائے کی مکمل آزادی ہے اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کا مربوط نظام موجود ہے جو کہ دراصل آزاد کشمیر کے جمہوری معاشرے کا ہی ثمر ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نومنتخب عہدیدار اپنے ووٹرز کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔


خبر کا کوڈ: 1181530

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1181530/وزیراعظم-آزاد-کشمیر-کی-جرنلسٹس-فورم-کے-نو-منتخب-عہدیداروں-کو-مبارکباد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com