QR CodeQR Code

وزیراعلیٰ سندھ نے سجاول میں 2 غیرملکی سیاحوں سے موبائل چھیننے کا نوٹس لے لیا

30 Dec 2024 22:14

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سیاحوں کو اپنی فیملیز کے ساتھ رابطے کے لیے عارضی طور پر موبائل فون دیئے جائیں، سیاح ہمارے مہمان ہیں، ان کے ساتھ اس قسم کا رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے کے ضلع سجاول کی حدود میں 2 غیر ملکی سیاحوں سے موبائل چھیننے کا نوٹس لے لیا۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس قسم کے واقعات ملک کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں، سجاول پولیس فوری سیاحوں کے ساتھ رابطہ میں آئیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سیاحوں کو اپنی فیملیز کے ساتھ رابطے کے لیے عارضی طور پر موبائل فون دیئے جائیں، سیاح ہمارے مہمان ہیں، ان کے ساتھ اس قسم کا رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ترجمان نے بتایا کہ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سجاول کی وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کو بھیجی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے ڈکیت تک پہنچ گئے ہیں۔

ایس ایس پی سجاول کا کہنا تھا کہ میں نے دونوں غیر ملکی سیاحوں سے ملاقات کی ہے، دونوں سیاحوں سے صرف موبائل فون چھینے گئے ہیں، نقد رقم یا نقصان نہیں پہنچا ہے۔ ایس ایس پی سجاول کے مطابق 8 مشکوک افراد گرفتار کیے ہیں اور تفتیش جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جلد موبائل لوٹنے والوں کو گرفتار کرکے سی ایم سیکریٹریٹ کو آگاہ کیا جائے گا۔ ایس ایس پی سجاول نے بتایا کہ سی سی ٹی وی کی مدد سے موبائل لوٹنے والوں تک جلد رسائی ہو جائے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز دن دیہاڑے سجاول بدین بائی پاس پر ڈاکوؤں نے پولینڈ کے سائیکلسٹ جوڑے کو لوٹ لیا تھا، جو دنیا کی سیر پر نکلے ہوئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1181464

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1181464/وزیراعلی-سندھ-نے-سجاول-میں-2-غیرملکی-سیاحوں-سے-موبائل-چھیننے-کا-نوٹس-لے-لیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com