مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو استعفیٰ دینگے، کوئٹہ کے سرکاری ڈاکٹروں کا اعلان
30 Dec 2024 18:46
کوئٹہ میں احتجاج ختم کرتے ہوئے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے رہنماء نے کہا کہ اپنے مطالبات عدالت کے سامنے پیش کئے ہیں۔ اگر ہمارے مطالبات پر عملدرآمد نہ ہوا تو ہسپتالوں سے نکل کر استعفیٰ دے دینگے۔
اسلام ٹائمز۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس کے رہنماؤں نے عدالت عالیہ بلوچستان کے قریب اپنے دھرنے اور احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس کے رہنماء ڈاکٹر بہار شاہ نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان ہائی کورٹ کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کر رہے ہیں۔ عدالت نے ایک دن میں مطالبات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے مطالبات عدالت کے سامنے پیش کئے ہیں۔ اگر ہمارے مطالبات پر عمل درآمد نہ ہوا تو ہسپتالوں سے نکل کر استعفیٰ دے دیں گے۔ بعد ازاں ہسپتالوں میں ایمرجنسی صورتحال کا ذمہ دار چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ، چیف سیکرٹری بلوچستان اور سیکرٹری صحت ہوں گے۔ واضح رہے کہ کوئٹہ کے ڈاکٹروں نے حکومت کی جانب سے ہسپتال کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلانے کی پالیسی کے خلاف احتجاج اور ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ ہسپتالوں کو نجکاری کی طرف لے جایا جا رہا ہے، جبکہ حکومت بلوچستان نے اس دعوے کی تردید کی۔
خبر کا کوڈ: 1181430