حکومت کی شہ کے بغیر دلت نوجوان کا حراستی قتل ممکن نہیں ہے، راہل گاندھی
30 Dec 2024 18:26
کانگریس لیڈر نے کہا کہ بی جے پی راج میں دلتوں، قبائلیوں اور محروم و کمزور طبقات پر مظالم کی کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے دیواس میں پولیس حراست کے دوران ایک دلت نوجوان کی موت معاملہ پر کانگریس نے مودی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ پارلیمنٹ میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی اور وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی دونوں نے ہی دلت نوجوان کی موت پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیا ہے۔ راہل گاندھی نے دلت نوجوان کی موت کے ساتھ ساتھ اڈیشہ کے بالاسور میں قبائلی خواتین کو درخت سے باندھ کر پیٹے جانے کی خبر پر بھی اپنا غم ظاہر کیا۔ راہل گاندھی نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ایک طرف مدھیہ پردیش کے دیواس میں دلت نوجوان کی پولیس حراست میں قتل کیا گیا۔ دوسری طرف اڈیشہ کے بالاسور میں قبائلی خواتین کو درخت سے باندھ کر پیٹا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں حادثات افسوسناک، شرمناک اور انتہائی قابل مذمت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی منوادی سوچ کے سبب ان کی حکومت والی ریاستوں میں یکے بعد دیگرے اس طرح کے واقعات پیش آ رہے ہیں، حکومت کی شہ کے بغیر یہ ممکن نہیں ہے۔ راہل گاندھی نے اپنے پوسٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ ملک کے بہوجنوں کے ساتھ ایسی بربریت کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان کے ساتھ ہیں، ان کے آئینی حقوق کے لئے اور انہیں انصاف دلانے کے لئے پوری طاقت کے ساتھ لڑیں گے۔ انہوں نے اس پوسٹ کے ساتھ دو ہندی نیوز پورٹل کی سرخی کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے جس میں مذکورہ بالا دونوں واقعات کا ذکر ہے۔
دوسری طرف کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے مدھیہ پردیش کے دیواس میں پیش آئے واقعہ پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بابا امبیڈکر کی بے عزتی اور کمزور طبقات پر ظلم ہی بی جے پی کی حکومت کا بنیادی منتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیواس، مدھیہ پردیش میں پولیس حراست میں دلت نوجوان کی موت کا معاملہ انتہائی سنگین ہے۔ اہل خانہ کا الزام ہے کہ پولیس بربریت کی وجہ سے نوجوان کی جان چلی گئی۔ پرینکا گاندھی نے اس پوسٹ میں آگے لکھا ہے کہ اس سے قبل مہاراشٹر کے پربھنی سے دلت کنبوں پر مظالم اور پولیس حراست میں ایک دلت نوجوان کی موت کی خبر آئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ہے بی جے پی راج میں دلتوں، قبائلیوں اور محروم و کمزور طبقات پر مظالم کی کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے۔
خبر کا کوڈ: 1181424