QR CodeQR Code

عمران خان اسٹیبلشمنٹ یا کسی ملک کے کہنے پر ڈیل نہیں کرینگے، علیمہ خان

30 Dec 2024 17:55

پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ توشہ خانہ ٹو کیس توشہ خانہ کے پہلے کیس جیسا ہے، القادر کا کیس اور توشہ خانہ ٹو اعلیٰ عدالتوں میں ختم ہو جائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کا کہنا ہے کہ انہیں ڈیل کرنے کی کیا ضرورت ہے جب وہ کیسز لڑ رہے ہیں اور وہ اسٹیبلشمنٹ یا کسی ملک کے کہنے پر ڈیل نہیں کریں گے۔ اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت ہوئی، اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ خان ارجمند نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت سابق وزیراعظم کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، سابق خاتون اول بشریٰ بی بی بھی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل آئیں۔

 
سماعت کے بعد بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ توشہ خانہ ٹو کیس توشہ خانہ کے پہلے کیس جیسا ہے، القادر کا کیس اور توشہ خانہ ٹو اعلیٰ عدالتوں میں ختم ہو جائیں گے، القادر یونیورسٹی کیس کا فیصلہ 6 تاریخ کو ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ عدلیہ کا مذاق بنایا گیا ہے لیکن میں ہر کیس لڑوں گا اور وہ یہ پوچھ رہے ہیں مجھے ڈیل کرنے کی کیا ضرورت ہے جب میں کیسز لڑ رہا ہوں، اسٹیبلشمنٹ یا کسی ملک کے کہنے پر ڈیل نہیں کروں گا۔
 
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہا کہ 9 مئی کی سازش پہلے سے کی گئی تھی، ان لوگوں نے 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج چرائی اور جن لوگوں نے 9 مئی کے بعد پارٹی چھوڑی ان کے کیسز معاف کر دیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے صرف 2 مطالبات کیے ہیں، 9 مئی اور 26 نومبر کے احتجاج پر جوڈیشل کمیشن بنانے اور بے گناہ قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے، 26 نومبر کے لاتعداد لوگ لاپتا ہیں جب کہ لال مسجد آپریشن کی طرح لاشیں دفنائی گئی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان بنی گالہ ہاؤس اریسٹ میں نہیں جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 1181418

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1181418/عمران-خان-اسٹیبلشمنٹ-یا-کسی-ملک-کے-کہنے-پر-ڈیل-نہیں-کرینگے-علیمہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com