مسجد اقصیٰ پر صیہونیوں کا حملہ مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرتا ہے، قطر
29 Dec 2024 23:46
اپنے ایک ٹویٹ میں صیہونی وزیر مواصلات کا کہنا تھا کہ آج میں نے "دیوار ندبہ" کے نیچے ایک سرنگ نماء جگہ پر نماز اداء کی اور اپنے قیدیوں کی رہائی کیلئے دعا کی۔
اسلام ٹائمز۔ قطر کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے "مسجد اقصیٰ" کے صحن میں غاصب صیہونی آبادکاروں کے حملے کی شدید مذمت کی۔ مذکورہ وزارت نے اس قبیح فعل کو بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔ قطر نے کہا کہ ایسے حملے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچاتے ہیں۔ قطری وزارت خارجہ نے اس طرح کے غیر قانونی و خطرناک اقدامات کے خوفناک نتائج سے خبردار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مقدس مقامات کی توہین کو روکنے کے لئے اپنی اخلاقی و قانونی ذمےداری کو ادا کرے۔ قطر نے مسئلہ فلسطین اور وہاں کی عوام کے جائز حقوق کے حصول کے حوالے سے اپنے موقف پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ 1967ء کی حدود کے مطابق ایک ایسی خود مختار ریاست کا قیام فلسطینیوں کا قانونی حق ہے کہ جہاں وہ آزادی کے ساتھ اپنی مذہبی رسومات کو ادا کر سکیں۔
واضح رہے کہ صیہونی وزیر مواصلات "شلومو کارعی" نے ایک یہودی مذہبی سند کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ باب دمشق تک پہنچنا ہمارا ہدف ہے کہ جسے ہمارے لئے قدس کا دروازہ تعی٘ن کرتا ہے۔ اس صیہونی وزیر نے مسجد اقصیٰ کے صحن میں دیگر انتہا پسند صیہونیوں کے ساتھ حملے کے بعد سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر لکھا کہ آج میں نے "دیوار ندبہ" کے نیچے ایک سرنگ نماء جگہ پر نماز اداء کی اور اپنے قیدیوں کی رہائی کے لئے دعا کی۔ واضح رہے کہ دیوار ندبہ یا دیوار براق مسجد اقصیٰ کی مغربی دیوار کو کہا جاتا ہے۔ دوسری جانب کچھ ہی دیر قبل صیہونیوں کی اس قبیح حرکت کی سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے بھی مذمت کی۔
خبر کا کوڈ: 1181273