QR CodeQR Code

ہم تفریق کی سیاست پر نہیں کام کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، میئر کراچی

29 Dec 2024 18:21

شاہراہوں کے افتتاح کے موقع پر بات کرتے ہوئے مُرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو عوام کو مسائل سے نکالیں گے، وہ اور آصف علی زرداری ملک کا مستقبل ہیں، ترقی کا سفر اسی طرح سے جاری رہیگا۔


اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلز پارٹی کراچی کی ترقی کے لیے کام کر رہی ہے۔ کراچی کے علاقے میوہ شاہ اور اس کی ملحقہ شاہراہوں کے افتتاح کے موقع پر بات کرتے ہوئے میئر کراچی مُرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پہلی بار میوہ شاہ کے علاقے میں پیپلز پارٹی نے کام کرایا ہے، پیپلز پارٹی نے میوہ شاہ کے علاقے کی تقدیر بدلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ قبرستان آتے تھے ان سے پوچھیں پہلے کیا حال تھا میوہ شاہ قبرستان روڈ کا؟ یہ کام کسی اور جماعت نے نہیں بلکہ پیپلز پارٹی نے کیا۔

میئر کراچی نے کہا کہ آج 35 کروڑ روپے کے منصوبے کا افتتاح کیا ہے، کروڑوں کا پراجیکٹ عوام کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے کے لیے کیا، عوام کی تکلیف دور کرنے کے لیے آر او پلانٹ بھی لگایا ہے۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 27 دسمبر کو لوگوں نے بڑی تعداد میں شہید بے نظیر بھٹو کی قبر پر حاضری دی، بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلز پارٹی کراچی کی ترقی کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے ہمیشہ سوال کیا عوام کے لیے کیا کر رہے ہو، بلاول بھٹو کا ایک ایک نمائندہ اس شہر کی خدمت میں مصروف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو عوام کو مسائل سے نکالیں گے، وہ اور آصف علی زرداری ملک کا مستقبل ہیں۔ شہر کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ ترقی کا سفر اسی طرح سے جاری رہیگا، یوسی ٹاؤن اور کے ایم سی ہماری ہے شہر ہمارا ہے،شہر میں کام ہوتا نظر آرہا ہے اور مزید آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے، ہم کام کر رہے ہیں، کام کا سفر جاری رہے گا۔ میئر کراچی نے کہا کہ ہم تفریق کی سیاست پر نہیں کام کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، ہم نے ہمیشہ سے عوام کی خدمت کی ہے۔


خبر کا کوڈ: 1181213

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1181213/ہم-تفریق-کی-سیاست-پر-نہیں-کام-یقین-رکھتے-ہیں-میئر-کراچی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com