QR CodeQR Code

کراچی، جعلسازی سے شناختی کارڈ حاصل کرنیوالی 3 مفرور خواتین ملزمان گرفتار

28 Dec 2024 21:41

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے جعل سازی سے قوم شناختی کارڈز حاصل کیے، ملزمان نے ایجنٹ کی مدد سے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر برتھ ڈے اور ڈیتھ سرٹیفیکیٹ حاصل کیا۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے کارروائی کے دوران جعل سازی سے پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کرنے والی 3 مفرور خواتین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق تینوں خواتین ملزمان کو گلشن اقبال کراچی سے گرفتار کیا گیا، جن کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے اور 2022ء سے مطلوب تھیں اور ملزمان نے غیر ملکی ہونے کے باوجود قومی شناختی کارڈ حاصل کرلیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے جعل سازی سے قوم شناختی کارڈز حاصل کیے، ملزمان نے ایجنٹ کی مدد سے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر برتھ ڈے اور ڈیتھ سرٹیفیکیٹ حاصل کیا۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ ملزمان کو سیکریٹری یونین کونسل، رضویہ سوسائٹی، لیاقت آباد ٹاؤن نے برتھ اور ڈیتھ سرٹیفیکیٹ جاری کیے، ملزمان نے مذکورہ دستاویزات کی بدولت شناختی کارڈ حاصل کیے۔ ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ملزمان کی سہولت کاری میں ملوث عناصر کے خلاف بھی تحقیقات وسیع کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نادرا اہلکاروں کے ملوث ہونے کا تعین دوران تفتیش کیا جائے گا اور ملزمان کی نشاندہی پر مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1181063

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1181063/کراچی-جعلسازی-سے-شناختی-کارڈ-حاصل-کرنیوالی-3-مفرور-خواتین-ملزمان-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com