کوئٹہ، شہداء چوک پر مظلومین پاراچنار کی حمایت میں گزشتہ چار روز سے دھرنا جاری
28 Dec 2024 21:06
مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک پاراچنار کی کشیدہ صورتحال کو بہتری اور مرکزی دھرنے سے مذاکرات نہیں ہوتے کوئٹہ میں بھی دھرنا جاری رہیگا۔
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں شہداء چوک علمدار روڈ کے مقام پر پاراچنار کے مظلوم رہائشیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے جاری دھرنے کو چار روز مکمل ہو گئے۔ مظاہرین شدید سردی کے باوجود پاراچنار کے محاصرے کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ دھرنے میں خواتین، بزرگ اور بچوں سمیت عوام الناس کثیر تعداد میں شریک ہیں۔ انکا مطالبہ ہے کہ پاراچنار کے راستے کھول کر عوام تک ادویات، خوراک اور دیگر اشیائے ضرورت پہنچائی جائے اور قیام امن کو یقینی بنائی جائے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک پاراچنار کی کشیدہ صورتحال کو بہتر بنا کر مرکزی دھرنے سے مذاکرات نہیں ہوتے کوئٹہ میں بھی دھرنا جاری رہے گا۔ کوئٹہ میں جاری دھرنے میں مجلس وحدت مسلمین، شیعہ علماء کونسل، مجلس علمائے مکتب اہلبیت، پی ٹی آئی سمیت دیگر سیاسی و مذہبی تنظیموں کے رہنماء شرکت کرکے پاراچنار کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کر چکے ہیں، جبکہ مزید سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
خبر کا کوڈ: 1181055