پیوٹن نے طیارہ حادثے پر آذربائیجان سے معذرت کر لی
28 Dec 2024 19:21
Embraer 190 نامی مسافر طیارہ باکو سے گروزنی جانے کیلئے روانہ ہوا تاہم قازقستان میں اس طیارے کو دردناک سانحہ پیش آ گیا۔
اسلام ٹائمز۔ روس کے صدر "ولادیمر پیوٹن" نے اپنے آذری ہم منصب "الہام علی اُف" سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ اس موقع پر ولادیمر پیوٹن اور الہام علی اُف کے درمیان قازقستان کے علاقے اکتاو میں آذربائیجان کے طیارے کے گرنے پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس بارے میں کریملن سے وابستہ پریس سروس نے کہا کہ اس ٹیلیفونک گفتگو میں 25 دسمبر کو قازقستان میں گرنے والے آذری ہوائی جہاز کے بارے میں تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اس دوران روسی صدر نے کہا کہ مذکورہ جہاز نے صورتحال کو بھانپتے ہوئے اس وقت گروزنی، لینڈ کرنے کی کوشش کی جب یوکرائن کے ڈرون حملے کو روکنے کے لئے ہمارا ڈیفنس سسٹم فعال تھا۔
روسی صدر نے اپنی فضائی حدود میں آذربائیجان ائیر لائن کا طیارہ گرنے پر الہام علی اُف سے معذرت کی۔ انہوں نے اس حادثے میں جان سے ہاتھ دھونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت بھی کی۔ واضح رہے کہ Embraer 190 نامی مسافر طیارہ باکو سے گروزنی جانے کے لئے روانہ ہوا تاہم قازقستان میں اس طیارے کو دردناک سانحہ پیش آ گیا۔ اس حادثے میں 7 روسی شہریوں سمیت 38 افراد اپنی جانوں سے گئے جب کہ 29 افراد بال بال بچ گئے۔ روس نے اس حادثے میں زخمی ہونے والے ایک بچے سمیت اپنے 9 شہریوں کو علاج کے لئے ماسکو منتقل کر دیا۔
خبر کا کوڈ: 1181047