منموہن سنگھ کی آخری رسومات نئی دہلی میں سرکاری اعزاز کیساتھ ادا کی گئیں
28 Dec 2024 19:20
بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی سمیت متعدد شخصیات نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کی آخری رسومات دہلی کے نگم بودھ گھاٹ پر سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئیں۔ اس موقعے پر عوام کی آنکھیں نم ہوگئیں۔ منموہن سنگھ کی آخری رسومات میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، وزیراعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، کانگریس کے سابق صدور سونیا گاندھی، راہل گاندھی، کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے سمیت متعدد شخصیات نے شرکت کی۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی آخری رسومات سے قبل ان کا آخری سفر کانگریس کے صدر دفتر سے شروع ہوا اور نگم بودھ گھاٹ پر ختم ہوا۔
آخری سفر میں پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی بھی شامل تھے۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی ڈاکٹر منموہن سنگھ کے اہل خانہ کے ساتھ جسد خاکی کو لے جا رہے فوجی ٹرک پر موجود رہے۔ اس سے قبل منموہن سنگھ کے جسد خاکی کو تقریباً ایک گھنٹے تک کانگریس ہیڈکوارٹر میں آخری دیدار کے لئے رکھا گیا۔ یہاں کانگریس کارکنوں کے ساتھ عام لوگوں نے بھی ان کا آخری دیدار کیا۔ اس دوران بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی سمیت متعدد شخصیات نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ قابل ذکر ہے کہ منموہن سنگھ کا انتقال جمعرات کی رات دہلی کے ایمس اسپتال میں ہوا۔ طبیعت بگڑنے کے بعد انہیں داخل کرایا گیا تھا۔
سونیا گاندھی نے اے آئی سی سی ہیڈکوارٹر میں ڈاکٹر منموہن سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد شروع ہوئے آخری سفر میں عوام اور کانگریس کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے کانگریس ہیڈکوارٹر میں ڈاکٹر منموہن سنگھ کو آخری خراج عقیدت پیش کیا۔ پارٹی کارکنوں کے آخری دیدار کے لئے جسد خاکی کو وہیں رکھا گیا۔ کانگریس لیڈر و ممبر آف پارلیمنٹ راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا نے اے آئی سی سی ہیڈکوارٹر میں سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا۔
خبر کا کوڈ: 1181040