پاک فوج کا کشمیر کے بارے میں بیان محکوم کشمیریوں کے جذبات کا عکاس ہے، حریت کانفرنس
28 Dec 2024 12:29
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ پاک فوج کا بیان اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں ان کے شانہ بہ شانہ کھڑا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیر کے حوالے سے پاک فوج کے حالیہ بیان کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان یڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ غیر قانونی بھارتی تسلط کا شکار کشمیری اپنے تعیں پرعزم اور غیر متزلزل حمایت پر پاکستان کے انتہائی مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی چیرہ دستیوں کا شکار کشمیری عوام پاک فوج کو اپنا محافظ تصور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا بیان محکوم کشمیریوں کے جذبات کا عکاس ہے اور یہ بھارت کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ وہ کشمیر پر اپنا بے بنیاد بیانیہ ترک کرے، کیونکہ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ خطہ ہے جس کی حتمی حیثیت کا تعین ہونا ابھی باقی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ پاک فوج کا بیان اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں ان کے شانہ بہ شانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری گزشتہ 76برس سے اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں اور انہیں یہ حق دیے بغیر خطے میں پائیدار امن و سلامتی ہرگز ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ کشمیری غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے قربانیوں کی ایک لازوال تاریخ رقم کر رہے ہیں، بھارت کو چاہیے کہ وہ ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل ترک کر کے جموں و کشمیر سے فوجی انخلا کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق خطے میں استصواب رائے کے انعقاد کیلئے ماحول کو سازگار بنائے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی جبر و استبداد کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارتی قیادت پر ڈالے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں شامل ہونا کشمیریوں کا ایک دیرینہ خواب ہے جو ایک روز ضرور پورا ہو گا۔
خبر کا کوڈ: 1180977