QR CodeQR Code

علامہ محمد حسین اکبر نے اہلیان پاراچنار کیساتھ اظہار یکجتہی کیلئے جاری دھرنوں کی حمایت کا اعلان کر دیا

28 Dec 2024 11:19

تحریک حسینیہ پاکستان کے سربراہ کا کہنا ہے کہ راستوں کی بندش کے باعث غذائی اجناس اور ادویات کی قلت سے کرم میں مشکلات بڑھ رہی ہیں، صوبائی حکومت امن و امان کی صورتحال کے مستقل حل کیلئے اقدامات کرے،اس معاملے میں پاکستان کے تمام شیعہ سنی ایک پیج پر ہیں اور سب کا مشترکہ مطالبہ ہے کہ راستے کھولے جائیں اور سفر محفوظ بنایا جائے، کیونکہ پارا چنار میں صرف شیعہ محصور نہیں بلکہ ان کیساتھ اہلسنت بھی حکومتی بے حسی اور بے بسی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ ادارہ منہاج الحسینؑ جوہر ٹاون لاہور اور تحریک حسینیہ پاکستان کے سربراہ علامہ محمد حسین اکبر نے اہلیان پاراچنار کیساتھ اظہار یکجتہی کیلئے ملک بھر میں جاری دھرنوں کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے ادارہ کے علماء کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ فی الفور پارا چنار کے راستے  کھولے جائیں، اگر یہ راستے نہ کھولے گئے تو پورے ملک کو جام کر دیں گے۔ انہوں نے حکومت اور ریاستی اداروں پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور علاقے میں امن و امان کی بحالی کیلئے فوری اقدامات کریں۔ علامہ محمد حسین اکبر نے صوبائی حکومت سے بھی شکایت کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ راستوں کی بندش کو فوری ختم کرے اور امن و امان کی صورتحال کے مستقل حل کیلئے اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ کے پی کے حکومت  کے ترجمان مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں، وہاں کا ڈی سی حالات کی خرابی کا ذمہ دار ہے، اسے فوری طور پر تبدیل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ راستوں کی بندش کے باعث غذائی اجناس اور ادویات کی قلت سے کرم میں مشکلات بڑھ رہی ہیں، لیکن کوئی پُرسان حال نہیں، صوبائی حکومت صرف اجلاس اجلاس کھیل رہی ہے لیکن عملی طور پر کچھ نہیں ہو رہا۔ علامہ محمد حسین اکبر نے وفاقی و کے پی حکومت کو خبردار کیا کہ اگر حالات کنٹرول سے باہر ہوئے تو حکمرانوں کو اس کا جواب دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں پاکستان کے تمام شیعہ سنی ایک پیج پر ہیں اور سب کا مشترکہ مطالبہ ہے کہ راستے کھولے جائیں اور سفر محفوظ بنایا جائے، کیونکہ پارا چنار میں صرف شیعہ محصور نہیں بلکہ ان کیساتھ اہلسنت بھی حکومتی بے حسی اور بے بسی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1180965

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1180965/علامہ-محمد-حسین-اکبر-نے-اہلیان-پاراچنار-کیساتھ-اظہار-یکجتہی-کیلئے-جاری-دھرنوں-کی-حمایت-کا-اعلان-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com