ملتان، علامہ سید ساجد علی نقوی کی کال پر پاراچنار واقعہ پر احتجاجی مظاہرہ، حکومت مخالف نعرے
27 Dec 2024 23:38
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارا چنار کا مسئلہ کوئی نیا نہیں ہے گزشتہ کئی برسوں سے پارا چنار کے حالات خراب ہیں اور حالات سدھرنے کی بجائے بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں، اب صورتحال یہ ہے کہ دن دیہاڑے بے گناہ معصوم بچوں، جوانوں، بزرگوں اور خواتین کا قتل عام کیا جا رہا ہے، راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر ملک بھر کی طرح جنوبی پنجاب میں بھی پارا چنار اور شام کے مظلومین سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں، ملتان میں شیعہ علما کونسل اور انجمن کنیزان زہرا ایمن آباد سوتری ورٹ کے زیراہتمام علمدار چوک پر پارا چنار اور شام کے مظلومین سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس کی قیادت شیعہ علما کونسل شعبہ تبلیغات کے رہنما علامہ سید کاشف ظہور نقوی، علامہ سید مجاہد عباس گردیزی، بشارت عباس قریشی، حاجی حسین بلوچ، صابر حسین خان، مجاہد حسین صدیقی، مشتاق حسین، ریاض حسین، آصف رضا گردیزی نے کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے لبیک یا حسین، پارا چنار کے مطالبات تسلیم کرو، شام میں مقامات مقدسہ کا احترام برقرار رکھا جائے کے نعرے لگائے۔
اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارا چنار کا مسئلہ کوئی نیا نہیں ہے، گزشتہ کئی برسوں سے پارا چنار کے حالات خراب ہیں اور حالات سدھرنے کی بجائے بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں، اب صورتحال یہ ہے کہ دن دیہاڑے بے گناہ معصوم بچوں، جوانوں، بزرگوں اور خواتین کا قتل عام کیا جا رہا ہے، راستے بند کر دیے گئے ہیں، ادویات کی ترسیل بند ہونے کی وجہ سے 100 سے زائد بچے جاں بحق ہو چکے ہیں، حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان کے قیام کے لیے سنجیدگی سے ذمہ داری کا کردار ادا کریں اور پارا چنار کے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں، راستے کھول دیے جائیں تاکہ ادویات کی عدم دستیابی کی وجہ سے مزید قیمتی جانوں کا ضیاع نہ ہو، پارا چنار کا راستہ کلیئر کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے لیکن حکومت اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہی ہے، جب تک پارا چنار کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے اس وقت تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔
خبر کا کوڈ: 1180893