سب سے زیادہ کمانے والے ٹاپ 5 فیصد افراد 16 کھرب کا ٹیکس چوری کرتے ہیں، چیئرمین ایف بی آر
27 Dec 2024 12:50
راشد محمود لنگڑیال نے بتایا کہ تقریباً 33 لاکھ افراد ٹاپ 5 فیصد کمائی کرنے والے طبقے میں آتے ہیں، ان میں سے صرف 6 لاکھ افراد ٹیکس گوشوارے جمع کراتے ہیں جبکہ باقی 27 لاکھ افراد انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کراتے۔
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کے ٹاپ 5 فیصد سب سے زیادہ کمائی کرنے والے افراد 16 کھرب روپے کا ٹیکس چوری کرتے ہیں، ان کیخلاف کارروائی کریں گے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ رواں مالی سال حکومت کا ٹیکس گیپ 7.1 ٹریلین روپے ہوگا جو گزشتہ سال 6.2 ٹریلین روپے تھا، حکومت کا ٹیکس وصولی فوکس سب سے زیادہ کمائی کرنے والے 5 فیصد افراد پر مرکوز ہے۔ راشد محمود لنگڑیال نے بتایا کہ تقریباً 33 لاکھ افراد ٹاپ 5 فیصد کمائی کرنے والے طبقے میں آتے ہیں، ان میں سے صرف 6 لاکھ افراد ٹیکس گوشوارے جمع کراتے ہیں جبکہ باقی 27 لاکھ افراد انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کراتے۔
خبر کا کوڈ: 1180771