خیبر پختونخوا کے 3 اضلاع میں فورسز کی کارروائیاں، 13 دہشتگرد ہلاک، میجر شہید
26 Dec 2024 21:49
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید خوارج کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں تین آپریشنز کے دوران 13 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 31 سالہ میجر نے جام شہادت نوش کرلیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں 25 اور 26 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز کے تین علیحدہ آپریشنز کے دوران 13 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔ پہلا آپریشن ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، جس میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو کامیابی سے نشانہ بنایا اور دو خوارج کو ہلاک کر دیا۔ دوسرا آپریشن شمالی وزیرستان میں کیا گیا، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پانچ خوارج مارے گئے اور آٹھ زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔
اس آپریشن میں بہادری سے قیادت کرنے والے 31 سالہ میجر محمد اویس (ضلع نارووال کے رہائشی) نے جام شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تیسرا آپریشن جنوبی وزیرستان میں کیا گیا، جس میں سیکیورٹی فورسز نے چھ خوارج کو ہلاک اور آٹھ کو زخمی کر دیا۔ اعلامیے کے مطابق علاقے میں مزید خوارج کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1180672