اسرائیل جنوبی لبنان سے نہیں نکلے گا، صیہونی میڈیا
26 Dec 2024 20:15
اپنی ایک رپورٹ میں ھارتز کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے سیکورٹی اداروں کا سروے اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ حزب الله اب بھی سینکڑوں شارٹ اور لانگ رینج میزائل رکھتی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ صیہونی اخبار "ھارتز" نے ایک رپورٹ میں لکھا کہ جنوب میں لبنانی فوج کی تعیناتی میں ناکامی کی صورت میں اسرائیل اس علاقے سے نہیں نکلے گا۔ اس اخبار نے مزید لکھا کہ طے شدہ مدت کے اندر لبنانی فوج کی جانب سے ملک کے جنوبی علاقے کو محفوظ نہ بنانے کی صورت میں اسرائیلی فوج کا ارادہ ہے کہ وہ لبنان کے سرحدی علاقوں میں موجود رہے۔ دوسری جانب اسی اخبار نے آگاہ ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے لبنان میں صیہونی جرائم کی جانب اشارہ کیا۔ ھارتز کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے بعد سے اسرائیل نے "حزب الله" کے 42 اراکین کی ٹارگٹ کلنگ کی۔ وہاں کئے گئے سروے سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ حالیہ جنگ میں حزب الله کو جانی طور پر 30 فی صد اور مالی و صلاحیت کے اعتبار سے 75 فی صد نقصان اٹھانا پڑا۔
صیہونی اخبار نے مزید لکھا کہ اسرائیل کے سیکورٹی اداروں کا سروے اس بات کی نشان دہی کرتا ہے کہ حزب الله اب بھی سینکڑوں شارٹ اور لانگ رینج میزائل رکھتی ہے۔ واضح رہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان 27 نومبر 2024ء کو جنگ بندی ہوئی۔ اس معاہدے کے لاگو ہونے کے باوجود صیہونی فوج نے متعدد بار جنوبی لبنان پر حملہ کرتے ہوئے اس ملک کے متعدد شہریوں کو زخمی اور شہید کر دیا۔ جو کہ جنگ بندی کے معاہدے کی صریح خلاف ورزی ہے۔ نیز اپنے گھروں کو واپس لوٹنے والے لبنانیوں کے لئے اسرائیل، رکاوٹیں بھی کھڑی کر رہا ہے۔
خبر کا کوڈ: 1180663