QR CodeQR Code

مخدومہ کونین کی سیرت و کردار مسلم خواتین کیلئے مشعل راہ ہے، ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر

26 Dec 2024 17:09

عالمی سیرت سیدہ کانفرنس سے خطاب میں جے یو پی کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ آج خواتین کے حقوق کے نام پر بڑی بڑی کانفرنس، سمینار، ریلیاں منعقد کرکے خواتین کے حقوق پر بحث کی جا رہی ہے جبکہ شرم و حیاء جو خواتین کا اصل زیور ہے، اسلام خواتین کی ترقی اور تعلیم کیخلاف نہیں، بلکہ وہ مخدومہ کونین کے بتائے ہوئے راستے پر گامزن کرکے اور شرم و حیاء کے لبادے میں ملبوس کرکے خواتین کو تعلیم اور ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے جگر گوشہ رسول خاتون جنت فاطمۃ الزہرہؑ کے یوم ولادت پر جے یو پی اور پیغام حسینؑ پاکستان انٹرنیشنل کے زیراہتمام عظیم الشان 16ویں عالمی سیرت سیدہ خاتون جنت فاطمۃ الزہرہ سلام اللہ علیہا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مخدومہ کونین کی سیرت و کردار مسلم خواتین کیلئے مشعل راہ ہے، آپ کی زندگی کا ہر گوشہ شرم و حیاء زہد و تقویٰ اور مجاہدانہ فکر و عمل کی عکاسی کرتا ہے، سرور کائنات حضور ﷺ نے ایک مرتبہ اپنی لخت جگر فاطمۃ الزہرہ سلام اللہ علیہا سے دریافت فرمایا عورت کی سب سے اعلیٰ صفت کیا ہے، مخدومہ کونین نے فرمایا عورت کی سب سے اعلیٰ صفت یہ ہے کہ اس کی نظر کسی مرد پر نہ پڑے اور کسی مرد کی نظر اس پر نہ پڑے، آپ نے دو جملوں میں شرم و حیاء اور علم و حکمت کا وہ راستہ بتا دیا جس پر چل کر مسلمان بہن، بیٹی، بیوی اور ماں معاشرے کو اسلامی خطوط پر استوار کر سکتیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج خواتین کے حقوق کے نام پر بڑی بڑی کانفرنس، سمینار، ریلیاں منعقد کرکے خواتین کے حقوق پر بحث کی جا رہی ہے جبکہ شرم و حیاء جو خواتین کا اصل زیور ہے، اسلام خواتین کی ترقی اور تعلیم کیخلاف نہیں، بلکہ وہ مخدومہ کونین کے بتائے ہوئے راستے پر گامزن کرکے اور شرم و حیاء کے لبادے میں ملبوس کرکے خواتین کو تعلیم اور ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخلوط تعلیمی نظام نے معاشرے میں بیگاڑ پیدا کیا ہے جس سے نوجوان لڑکے لڑکیاں بے راہ روی کا شکار ہوئے ہیں، اگر وہ خاتون جنت فاطمۃ الزہرہ کی سیرت کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیں تو معاشرے سے بے حیائی، فحاشی اور عریانی کا خاتمہ ہو جائے۔

کانفرنس سے علامہ مفتی عبدالقادر ہزاروی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاطمۃ الزہراؑ کی سیرت کا ایک عظیم پہلوان کا مجاہدانہ کردار ہے، آپ نے دس سال کی عمر میں مجاہدانہ کردار ادا کیا، جب رسول خدا بیت اللہ شریف میں نماز ادا کر رہے تھے، قریش مکہ میں نے آپ کی پشت پر غلاظت رکھ دی، فاطمۃ الزہرا جو اس وقت دس سال سے بھی کم عمرکی تھیں دشمنان اسلام کو للکارا اور اپنے والد کی پشت سے غلاطت کو ہٹایا۔ علامہ مفتی مخدوم علی رضا محمودی آستانہ عالیہ ستیانی شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت فاطمۃ الزہرہؑ کی پوری زندگی مشعل راہ ہے، جس پر چل کر مسلمان خواتین اپنے کردار کو سنوار سکتی ہیں۔ پیر سید عبدالغنی شاہ مجددی حسینی باقری فریدی نے کہا کہ جگر گوشہ رسول ﷺکے دامن کو جس نے تھام لیا دنیا اور آخرت میں اس نے کامیابی اور کامرانی حاصل کرلی۔


خبر کا کوڈ: 1180633

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1180633/مخدومہ-کونین-کی-سیرت-کردار-مسلم-خواتین-کیلئے-مشعل-راہ-ہے-ڈاکٹر-ابوالخیر-محمد-زبیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com