روس کا اپنے اعلیٰ افسران و اہلخانہ کے قتل کی یوکرینی سازش ناکام بنانے کا دعویٰ
26 Dec 2024 12:58
روسی حکام کے مطابق ان حملوں کی تیاری میں ملوث 4 روسی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ روسی فیڈرل سکیورٹی سروس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ یوکرین نے روس کے اعلیٰ افسران اور اہلِ خانہ کے قتل کا منصوبہ بنایا تھا جسے ناکام بنا دیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق روس نے یوکرین کی سازش ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ روس نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین نے انٹیلی جنس سروسز کی جانب سے ماسکو میں پاور بینک یا دستاویز کے فولڈر کی شکل میں بموں کا استعمال کرتے ہوئے روس کے اعلیٰ عہدے داروں، افسران اور ان کے اہلِ خانہ کو قتل کرنے کے کئی منصوبے بنائے تھے جنہیں ناکام بنا دیا گیا ہے۔ روسی حکام کے مطابق ان حملوں کی تیاری میں ملوث 4 روسی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ یوکرین کی ایس بی یو انٹیلی جنس سروس نے 17 دسمبر کو روس کے نیوکلیئر، بائیولوجیکل اور کیمیکل پروٹیکشن ٹروپس کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل کریلوف کو ماسکو میں ان کے اپارٹمنٹ کے باہر ایک الیکٹرک اسکوٹر سے منسلک بم کو دھماکے سے اڑا کر ہلاک کر دیا تھا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایس بی یو کے ایک ذریعے نے رائٹرز کو اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اس حملے کے پیچھے یوکرین کی خفیہ ایجنسی کا ہاتھ ہے۔
خبر کا کوڈ: 1180591