QR CodeQR Code

پاراچنار احتجاجی دھرنے سے اظہارِ یکجہتی کیلئے کراچی میں جاری احتجاج دوسرے روز بھی جاری

25 Dec 2024 20:21

شرکائے دھرنے سے خطاب میں علامہ شہنشاہ حسین نقوی کا کہنا تھا کہ جب تک پاراچنار کے لوگ دھرنا دیئے ہوئے ہیں یم بھی اظہار یکجہتی بیٹھے ہیں، منظم سازش کے تحت پاراچنار کی عوام کو بند گلی تک لے جایا گیا ہے جو کسی صورت قبول نہیں، پورے ملک میں پر امن احتجاجی سلسلے بڑھیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے نمائش چورنگی پر کرم ایجنسی پاراچنار احتجاجی دھرنے سے اظہار یکجہتی کیلئے دیئے جانے والے دھرنا دوسرے روز بھی جاری رہا۔ احتجاجی دھرنے میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماون سمیت سماجی شخصیات نے شرکت کی اور خطاب کیا۔ شرکائے دھرنے سے مرکزی خطاب معروف عالم دین علامہ شہنشاہ حسین نقوی کا کہنا تھا کہ حکومت کرم ایجنسی میں امن کے قیام میں ناکام ہوگئی ہے، وفاقی و صوبائی حکومتیں اور سکیورٹی ادارے پاراچنار کے حالات معمول پر لانے کیلئے صرف دعوے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ملک دشمن عناصر نے کہا تھا کہ ہم پاراچنار کو غزہ بنائیں گے آج وہ ثابت کر رہے ہیں، معصوم بچوں کو بے رحمی سے دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا، ملک میں فلسطین غزہ کی منظر کشی ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاراچنار تین جانب سے دہشتگردوں سے گھرا ہوا ہے، ایسے حالات میں حکومت اور سکیورٹی اداروں کو ان کا ساتھ دینا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ کرم ایجنسی پاراچنار کی عوام محب وطن ہیں، ہمیشہ انہوں نے ملک کا دفاع کیا ہے، راستے کی بندش نے ضلع کی عوام کو شدید مشکلات میں ڈالا ہوا ہے جو اب بحران کی شکل اختیار کرتا جارہا یے۔ انہوں نے کہا کہ پاراچنار میں فرقہ واریت نہیں اندرونی و بیرونی ملک دشمن عناصر کی سازشیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا جب تک پاراچنار کے لوگ دھرنا دیئے ہوئے ہیں یم بھی اظہار یکجہتی بیٹھے ہیں، منظم سازش کے تحت پاراچنار کی عوام کو بند گلی تک لے جایا گیا ہے جو کسی صورت قبول نہیں، پورے ملک میں پر امن احتجاجی سلسلے بڑھیں گے۔ جب تک پاراچنار کی عوام کے مطالبات کو تسلیم نہیں کیا جاتا ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ احتجاجی دھرنے سے علامہ حسن ظفر نقوی، علامہ مختار امامی، شیخ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، علامہ اصغر شہیدی سمیت دیگر شریک ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1180452

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1180452/پاراچنار-احتجاجی-دھرنے-سے-اظہار-یکجہتی-کیلئے-کراچی-میں-جاری-احتجاج-دوسرے-روز-بھی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com