مساجد کھودنے والے عنقریب اپنی حکومت بھی کھو دیں گے، اکھلیش یادو
25 Dec 2024 18:15
سماج وادی پارٹی کے صدر نے رامائن اور مہابھارت کی مثال دی اور کہا کہ راون اور کنس جیسے تانا شاہوں کا خاتمہ ہوا اور بھارت کہی موجودہ حکومت کا حشر بھی یہی ہوگا۔
اسلام ٹائمز۔ سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے کہا کہ راون اور کنس جیسے تانا شاہوں کی طرح بی جے پی کی حکومت کا خاتمہ ہوگا۔چودھری چرن سنگھ جینتی پر چودھری چرن سنگھ پی جی کالج ہیورا میں انہوں نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تاناشاہ حکومتیں زیادہ دن نہیں ٹکتیں گی، عوام دیکھ رہے ہیں، کسی بھی دن تبدیلی ممکن ہے۔ انہوں نے رامائن اور مہابھارت کی مثال دی اور کہا کہ راون اور کنس جیسے تانا شاہوں کا خاتمہ ہوا اور موجودہ حکومت کا یہی حشر ہوگا۔ سنبھل میں مندر ملنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ ایسے ہی مساجد کو کھودتے رہیں گے اور ایک دن کھودتے کھودتے اپنی حکومت بھی کھو ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش ریاست میں سارے غلط کام، زمین پر قبضے بی جے پی کے لوگ کر رہے ہیں۔
آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے طنز کیا کہ یہ سب سیاست سے متاثر بیان ہے، اگر موہن بھاگوت یو پی کے وزیراعلٰی کو ایک فون کر دیں تو سروے اور تنازعات بند ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بیان سیاسی فائدہ کے لئے دئیے جارہے ہیں۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ جو لوگ اقتدار میں بیٹھے ہیں، انہیں لگتا ہے کہ ان کی حکومت ہمیشہ چلتی رہے گی لیکن عوام سب سمجھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات میں عوام نے اپنا حساب دکھا دیا اور اسمبلی الیکشن میں نتائج ایسے آئیں گے کہ انہیں پتہ بھی نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاست میں اپوزیشن کے سامنے بڑا چیلنج ہے کیونکہ اقتدار میں بیٹھے لوگوں کے پاس وسائل اور حمایت ہے
پارلیمنٹ سرمائی اجلاس پر انہوں نے کہا کہ بھیم راؤ امبیڈکر کے احترام میں جب سبھی پارٹیاں متحد ہوئیں تب اقتدار نے ایسا رویہ کیا جو پارلیمنٹ کی تاریخ میں شرمناک ہے۔ فرخ آباد کے ممبر پارلیمنٹ نے ایسی مہم چلائی جو بڑے اداکاروں کو بھی پیچھے چھوڑ گئی۔ حکومت نے واقعہ کو توڑ مروڑ کر پیش کیا اور میڈیا نے بھی اسی کو سچ دکھانے کی کوشش کی۔ اکھیلیش یادو نے کہا کہ چودھری چرن سنگھ کسانوں کے بڑے لیڈر تھے۔ انہوں نے ہمیشہ کسانوں کے مستقبل کو سنوارنے کا کام کیا۔ ملائم سنگھ نے چرن سنگھ کے ساتھ کام کیا اور ان کے نظریے کو آگے بڑھایا۔ یہ وہی ملائم سنگھ تھے جنہوں نے دیہی علاقوں کے بچوں کو تعلیم و ترقی کا خواب دکھایا اور اسے سچ کر دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ سوشلسٹ نظریہ کو نئی بلندیوں تک لے جانا ہماری ذمہ داری ہے۔
خبر کا کوڈ: 1180425