آگے بڑھنے کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے، راجہ پرویز اشرف
25 Dec 2024 15:46
لاہور میں نیوز کانفرنس میں پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر کا کہنا تھا کہ سیاسی عدم استحکام کے علاؤہ بھی بہت سے مسائل ہیں، دہشت گردی کا سلسلہ پھر سے شروع ہو چکا ہے، جس کا افواج پاکستان مقابلہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی حالات کو دیکھتے ہوئے ہمیں آپس میں ہم آہنگی پیدا کرنے کی ضرورت ہے،
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی وسطیٰ پنجاب کے صدر راجہ پرویزاشرف نے لاہور میں نیوز کانفرنس میں کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دی۔ نیوز کانفرنس میں سید حسن مرتضیٰ، شہزاد سعید چیمہ، رانا جواد، فیصل میر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آج قائداعظم کا بھی یوم پیدائش ہے، تمام پاکستانیوں کو اس کی بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملک عزیز سیاسی اور معاشی مسائل کی وجہ سے مسائل کا شکار ہے، سیاسی عدم استحکام کے علاؤہ بھی بہت سے مسائل ہیں، دہشت گردی کا سلسلہ پھر سے شروع ہو چکا ہے، جس کا افواج پاکستان مقابلہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی حالات کو دیکھتے ہوئے ہمیں آپس میں ہم آہنگی پیدا کرنے کی ضرورت ہے، سیاست میں اپنا اپنا سیاسی نظام ہوتا ہے، لیکن سیاست میں کوئی ایسا عنصر نہیں آنا چاہیے جس میں پاکستان کے اداروں پر آنچ آئے اور جمہوریت کی نفی ہو۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے خبریں آ رہی ہیں اور پی ٹی آئی نے محسوس کیا ہے کہ گفت و شنید مسائل کا حل ہے، سپیکر چیمبر سے ابتدائی میٹنگ کامیاب ہو چکی ہے، آئندہ میٹنگ دو جنوری کو ہو گی۔ گفت و شنید شروع ہو جاتی ہے تو مسائل کا حل نکل آتا ہے، پی ٹی آئی کا خیال تھا وہ صرف اسٹبلشمنٹ سے بات کرے گی، پی ٹی آئی کو سمجھ آ گئی ہے کہ ڈائیلاگ کے علاؤہ کوئی راستہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے کیسز عدالتوں میں ہیں، ایگزیکٹو آرڈر سے کسی کو جیل سے نہیں نکالا جا سکتا، مذاکرات کی کامیابی کی امید کرنی چاہیے، نہیں ہوتے تو بھی نظام چلتا رہے گا، ہمیں دوسرا بڑا چیلنج دہشت گردی کا ہے، جس کے اب ہم متحمل نہیں، آگے بڑھنے کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اور آصف زرداری کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ وہ مشکل ترین حالات میں بھی مختلف الخیال لوگوں کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں، 27 دسمبر کو بے نظیر بھٹو کی برسی ہے، پی پی وسطی پنجاب کو خصوصی ٹرین لے جانے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پاکستان بھر سے لوگ گڑھی خدا بخش جمع ہو کر بے نظیر کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔
خبر کا کوڈ: 1180419