غزہ میں مستقل جنگ بندی کے بعد ہی اسرائیل سے تعلقات بحال ہونگے، آئرلینڈ
25 Dec 2024 13:22
فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت میں آئرش وزیر اعظم ہیرس نے مستقل جنگ بندی، غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی اور تمام مغویوں کی رہائی کے اپنے مطالبات کو دہرایا۔
اسلام ٹائمز۔ آئرلینڈ کے وزیر اعظم سائمن ہیرس نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ کے خاتمے کے بعد اسرائیل کے ساتھ براہ راست تعلقات معمول پر آجائیں گے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت میں ہیرس نے مستقل جنگ بندی، غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی اور تمام مغویوں کی رہائی کے اپنے مطالبات کو دہرایا۔ قابض حکام نے اس ماہ کے شروع میں اعلان کیا تھا کہ وہ ڈبلن میں اپنا سفارت خانہ بند کر دیں گے، جب کہ اسرائیلی وزیر خارجہ نے آئرلینڈ پر "یہود مخالف بیان بازی” اور "اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات میں تمام سرخ لکیریں عبور کرنے” کا الزام لگایا۔ ہیرس نے ان الزامات کو مسترد کیا اور اسرائیل پر تنازعہ میں بچوں کی ہلاکتوں سے توجہ ہٹانے کا الزام لگایا۔ ہیرس نے پیر کے روز کہا کہ انہوں نے محمود عباس کو فلسطین کے عوام کے لیے آئرلینڈ کے عوام کی "غیر متزلزل یکجہتی اور حمایت” سے آگاہ کیا۔
خبر کا کوڈ: 1180374